کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، ہرنائی میں متعدد گھر زمین بوس ہوگئے، ملبے تلے دب کر 24 سے زائد لوگ جاں بحق جبکہ 300 سے زائد زخمی ہوگئے۔ کوئٹہ اور ہرنائی کے اسپتالوں میں ایمر جنسی نافذ کر دی گئی۔
بلوچستان میں کوئٹہ، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ سمیت مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ اور گہرائی 15 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز ہرنائی کے قریب تھا۔
زلزلے سے ہرنائی میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی، مکان ملبے کا ڈھیر بن گئے۔ ملبے تلے دب کر متعدد افراد جاں بحق اور سینکڑوں زخمی بھی ہوئے۔ کوئٹہ اور ہرنائی کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
وزیر داخلہ بلوچستان ضیالانگو کے مطابق شدید زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔ زلزلے کے بعد ایف سی، لیویز اور پولیس بھی امدادی کارروائیوں میں شریک ہیں۔
زلزلے کے بعد ہرنائی سنجاوی شاہراہ پر لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوئی جس کے باعث شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند ہے۔ ڈی سی ہرنائی کے مطابق زلزلے کے باعث سرکاری عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ کنٹرول روم ہرنائی سمیت صوبے کے تمام اضلاع سے رابطے میں ہے۔
قبل ازیں ہرنائی کے زلزلہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کیلئے پاک فوج کے دستے پہنچے، زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں ضروری خوراک و شیلٹر کا سامان پہنچا دیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی ڈاکٹرز پیرا میڈیکل سٹاف اپنے ساتھ ضروری ادویات لے کر متاثرہ علاقوں میں پہنچ چکے ہیں، ضروری طبی سہولیات کے لئے شہری انتظامیہ کی معاونت کی جا رہی ہے، شدید زخمی 9 افراد کو آرمی ہیلی کاپٹرز پر کوئٹہ پہنچایا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ بھی ہرنائی پہنچ چکے ہیں، وہ نقصانات اور ریسپانس کا خود جائزہ لے رہے ہیں، راولپنڈی سے اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم کو موقع پر بھیجا جا رہا ہے، یہ ٹیم ریسکیو کے کاموں کی رفتار کو تیز بنائے گی۔
وزیراعظم عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے نتیجے میں قیمتی جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ زلزلے کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات اور موجودہ صورتحال کی ابتدائی رپورٹ وزیراعظم آفس کو موصول ہوگئی۔
وزیراعظم نے تمام متعلقہ وفاقی اداروں کو ریلیف فراہمی میں حکومت بلوچستان کو تمام ممکنہ معاونت کی فراہمی کی ہدایت کر دی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جائے، وفاقی حکومت اس مشکل گھڑی میں ہر ممکنہ تعاون فراہم کرے گی۔
شہباز شریف
قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بلوچستان میں زلزلے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے بلوچستان کے مختلف علاقوں میں خوفناک زلزلے سے ہونے والے نقصانات پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر بے حد دکھ اور افسوس ہے، جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ اور متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ہنگامی صورتحال کا تقاضا ہے کہ وفاق بلوچستان میں بھرپور امدادی کارروائیاں کرے، ہیلی کاپٹرز کے ذریعے شدید زخمیوں کو ملک کے دیگر ہسپتالوں میں منتقل کیا جائے تاکہ زندگیاں بچ سکیں، وفاقی حکومت امدادی کارروائیوں میں قائدانہ کردار ادا کرے، ہنگامی امداد کے ادارے بھرپور طور پر متحرک ہوں۔
بلاول بھٹو
بلاول بھٹو زرداری نے بھی ہرنائی میں آنے والے زلزلے میں انسانی جانوں کے نقصان پر اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت زخمیوں کی زندگی بچانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے، وفاقی اور بلوچستان حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کو معاوضہ ادا کرے، پیپلزپارٹی بلوچستان کی قیادت زلزلہ متاثرین کی مدد کریں۔
آصف علی زرداری
سابق صدر آصف علی زرداری نے ہرنائی میں زلزلے سے انسانی جانوں کے نقصان اور جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاق اور بلوچستان حکومت زلزلے سے متاثرہ افراد کی ہر ممکن مدد کرے، زلزلے کی وجہ سے زخمی ہونے والوں کو بہتر علاج پر توجہ دی جائے۔
فواد چودھری
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے بلوچستان میں زلزلہ سے ہونے والے نقصان پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں زلزلہ سے جانی و مالی نقصان پر پوری قوم افسردہ ہے، حکومت زلزلہ متاثرین کی ہر ممکن مدد کرے گی۔ فواد چودھری نے متعلقہ حکام کو زلزلہ متاثرین کی ہر ممکن مدد اور زخمیوں کے بہتر علاج معالجہ کی ہدایت کی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے زلزلہ میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔