اسلام آباد: (دنیا نیوز) گلیات میں بارش اور سیزن کی پہلی برفباری کے بعد سردی نے دستک دے دی۔ کئی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی برفباری کے بعد سردی میں اضافہ ہوا تو لوگوں نے گرم ملبوسات کا استعمال شروع کر دیا۔
سوات، بابو سر ٹاپ پر سیزن کی پہلی برفباری جاری، بابوسر ٹاپ پر اب تک 6 انچ سے زائد برف پڑ چکی ہے۔ انتہائی سرد موسم میں شاہراہ بابوسر ٹاپ پر متعدد چھوٹی بڑی گاڑیاں پھنس گئیں۔ دوسری طرف کمشنر دیا مر استور ڈویژن نے موسم بہتر ہونے تک بابو سر روڈ پر سفر پر عارضی پابندی لگا دی ہے۔
گٹی داس کی مین شاہراہ بند ہوگئی۔ استور میں بھی پہاڑوں نے سفید چادر اوڑھ لی۔ ہنزہ گلگت سے واپس آنے والے سیکڑوں سیاح گٹی داس کے قریب گاڑیوں میں محصور ہوگئے۔ استور میں اب تک تین انچ سے زائد برف ریکارڈ کی گئی، برفباری کے باعث سردی میں اضافہ ہوا تو لوگوں نے گرم ملبوسات کا استعمال شروع کر دیا۔
مظفرآباد اور نواحی علاقوں میں بھی گزشتہ رات سے کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ پہاڑوں پر موسم سرما کی پہلی برفباری بھی ہوئی ہے۔ برف کی سفید چادر اوڑھے پہاڑ جہاں خوبصورت منظر پیش کر رہے ہیں وہیں موسم بھی سرد ہوگیا ہے۔ وادی کوئٹہ اور گردو نواح میں بھی سرد ہوائیں چلنے لگیں، جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔
ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق آج بیشتر وسطی اور جنوبی علاقوں میں موسم خشک رہے گا تاہم رات کے اوقات میں اسلام آباد، بالائی پنجاب اور بالائی خیبر پختونخوا میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ہلکی برفباری کا امکان ہے۔