سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی ضلع وسطی میں 15 روزہ صفائی مہم موثر انداز میں فعال نہ ہوسکی

Published On 13 October,2021 01:01 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی جانب سے کراچی کے بلدیہ ضلع وسطی کے تمام علاقوں میں 15 روزہ صفائی مہم کے تحت کچرے کا بیک لاک ٹھکانے لگانے کا اعلان کیا گیا، جس کے برعکس غریب آباد اور عزیز آباد سمیت بیشتر علاقوں کے مکین اقدامات کی راہ تک رہے ہیں۔

سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی ضلع وسطی میں 15 روزہ صفائی مہم دو روز گزرنے کے باوجود بھی موثرانداز میں فعال نہ ہوسکی۔ سڑکوں، چوہراہوں، پارک، کھیل کے میدان، اسپتال اور تعلیمی اداروں سمیت دیگر مقامات پر کچرے کے ڈھیر تعفن و بیماریاں پھیلنے کا سبب بن رہے ہیں۔

سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی جانب سے ضلع وسطی کے تمام علاقوں سے کچرے کے ڈھیر ختم کرنے کیلئے یوسیز کی سطح مشینری اور کچرا اٹھانے کی دیگر گاڑیاں فراہم کرنے کا دعوی کیا جا رہا ہے۔ جس کے برعکس مخصوص علاقوں میں محدود سطح پر کچرے کا بیک لاک اٹھایا جا رہا ہے۔

ضلع وسطی میں کچرے سے زیادہ متاثرہ علاقے غریب آباد اور عزیز آباد کا کوئی پرسان حال نہیں۔ اہل علاقہ صفائی ستھرائی اور کچرے کے خاتمے کیلئے اقدامات کی راہ تک رہے ہیں۔

ضلع وسطی میں کھیل کے میدان تک ڈمپنگ پوائنٹس میں تبدیل ہو جانے کے باعث سخت تعفن پھیلنے سے اطراف کی آبادی بری طرح متاثر اور شہری سخت ازیت سے دوچار ہیں۔ صفائی مہم کے نتیجے میں جلد صورتحال میں بہتری کا دعوی کیا جا رہا ہے۔
 

Advertisement