نیب آرڈیننس: وزارت قانون کی عدالتوں کو فوری سہولیات دینے سے معذرت

Published On 23 October,2021 03:17 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزارت قانون نے نیب آرڈیننس کی روشنی میں فوری سہولیات دینے سے معذرت کرلی۔ احتساب عدالتوں کے ایڈمن ججز کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ عدالتی ٹرائل کی آڈیو، ویڈیو ریکارڈنگ انتظامات کے لیے چھ ماہ کا وقت درکار ہے۔

وزارت قانون کی جانب سے ملک بھر کی احتساب عدالتوں کے ایڈمن ججز کو اس حوالے سے خط لکھ دیا گیاہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ماڈرن ڈیوائسز لگانے تک عدالتوں میں مقدمات کی سماعت کا عمل نہ روکا جائے اور انصاف کے تقاضے پورے کرنے کیلئے پرانے سسٹم کے تحت شواہد ریکارڈ کرنے کا عمل جاری رکھا جائے۔

خط میں مزید کہا گیا کہ آڈیو، ویڈیو ریکارڈنگ کیلئے ڈیوائسز کی خریداری کا عمل شروع ہو چکا ہے جو چھ ماہ میں احتساب عدالتوں میں لگائی جائیں گی۔ خط وفاقی سیکرٹری قانون کی منظوری سے جاری کیا گیا ہے۔
 

Advertisement