اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی وفاقی حکومت کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے ساتھ معاہدے پر عملدرآمد کیلئے متحرک ہو گئی۔
حکومت اور کالعدم ٹی ایل پی کے مابین معاہدہ کے معاملے پر کالعدم تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی) کے ساتھ معاہدہ پر عملدرآمد کے لیے وزیرمملکت علی محمد خان کی نگرانی میں سٹئیرنگ کمیٹی کا چوتھا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں پنجاب سے صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے شرکت کی، ویڈیو لنک کے ذریعے چیف سیکرٹری پنجاب، آئی جی پنجاب پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، وفاقی ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے راجہ بشارت نے اب تک معاہدے پر عملدرآمد کی رپورٹ پیش کی۔ 2100 افراد اب تک رہا کر دیئے گئے۔ جن کے خلاف مقدمات ہیں وہ عدالتوں سے رجو ع کریں گے، ضمانت کے بارے میں پنجاب حکومت نرم رویہ اختیار کرے گی۔ کالعدم تنظیم کے 90لوگ فورتھ شیڈول میں شامل تھے۔ 48 کے نام فورتھ شیڈول سے نکال دیئے گئے۔
ذرائع کے مطابق باقی کے نام بھی ہفتہ کی شام تک فورتھ شیڈول سے نکال دیئے جائیں گے۔ کالعدم تنظیم کا کالعدم سٹیٹس ختم کرنے کرنے کے لئے پنجاب کابینہ کی منظور کردہ سمری وفاقی حکومت کو موصول ہوگئی۔ پنجاب حکومت معاہدے کے اٹھانوے فیصد نکات پر عمل کی طرف پیشرفت کر چکی ہے۔
سٹیرنگ کمیٹی نے ہدایت کی کہ وفاقی حکومت کابینہ سے کالعدم ختم کرنے کے سمری کی منظوری عمل کو جلد ازجلد مکمل کرے۔ ہفتہ کے روز وفاقی کابینہ کو کالعدم کا آسٹیٹس ختم کرنے کے لئے سمری ارسال ہو گی۔