کراچی: (دنیا نیوز) پاک بحریہ میں کمانڈر کوسٹ کی تبدیلی کمان کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، وائس ایڈمرل زاہد الیاس نے کمانڈ رئیر ایڈمرل جاوید اقبال کے حوالے کر دی۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق تقریب میں نئے تعینات ہونے والے کمانڈر کوسٹ کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا، رئیر ایڈمرل جاوید اقبال نے 1990 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا، وہ پاکستان نیوی وار کالج اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کے گریجویٹ ہیں۔ رئیر ایڈمرل جاوید اقبال نیول اسٹاف کالج امریکہ سے بھی فارغ التحصیل ہیں، رئیر ایڈمرل جاوید اقبال متعدد کمانڈ اینڈ اسٹاف عہدوں پر تعینات رہ چکے ہیں۔
قبل ازیں وہ نیول ہیڈ کوارٹرز میں ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف آپریشنز کے فرائض انجام دے رہے تھے، ان کی شاندار خدمات کے اعتراف میں انہیں ہلال امتیاز (ملٹری) سے بھی نوازا جا چکا ہے۔