این اے 133ضمنی انتخاب: پی ٹی آئی کی ووٹرز کو گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت

Published On 18 November,2021 05:47 pm

لاہور:(دنیا نیوز)این اے 133 ضمنی انتخاب کے لئے پی ٹی آئی نے ووٹرز کو الیکشن ڈے پر گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار جمشید اقبال چیمہ کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیئے گئے تھے،ان کی کورنگ امیدوار مسرت جمشید اقبال چیمہ کے بھی کاغذات نامزدگی مسترد ہوگئے تھے جس کے بعد دونوں پی ٹی آئی رہنماؤں نے عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا تاہم وہاں سے بھی کاغذات نامزدگی مسترد ہوچکے تھے۔ اس حلقے میں پی ٹی آئی ناک آؤٹ ہوچکی ہے جس کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرحوم رہنما پرویز ملک کی نشست پر ہونے والے الیکشن میں ان کی اہلیہ شائستہ پرویز ملک اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اسلم گل مدمقابل ہونگے۔

کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے حکمت عملی اپناتے ہوئے ووٹرز کو الیکشن ڈے پر گھروں تک محدود رہنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔

صدر وسطی پنجاب اعجاز چودھری نے اس حوالے سے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو سپورٹ کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ، پی ٹی آئی کا ووٹر این 133 کے ضمنی انتخاب میں کسی کو ووٹ کاسٹ نہیں کرے گا۔

اعجاز چودھری کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی پالیسی منظر عام پر آ گئی ہے اور مسلم لیگ ن کی دشمنی میں قطعی طور پر پیپلز پارٹی کو سپورٹ نہیں کریں گے۔
 

Advertisement