کراچی: (دنیا نیوز) سندھ سے پولیس افسران کے تبادلے کا معاملہ مزید شدت اختیار کر گیا، وزیراعلی مرادعلی شاہ نے وزیراعظم عمران خان کو خط لکھ دیا، سندھ میں تعینات چار افسران کے تبادلوں سے صوبائی حکومت نے انکار کر دیا ہے۔
وفاق اور سندھ کے درمیان کے تبادلوں کا معاملہ حل نہ ہوسکا، وزیراعلی مرادعلی شاہ نے سندھ کابینہ کے فیصلے سے وزیراعظم کو آگاہ کردیا ہے، ایک دوسرے کو خطوط کا سلسلہ بھی جاری ہے ، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے وزیر اعظم کو لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ صوبائی حکومت کے زیر انتظام کام کرنے والے افسر کوکسی بڑے عہدے پر وزیر اعلی کی منظوری کے بغیر تعینات نہیں کیاجاسکتاہے،سندھ حکومت نے 4پی ایس افسران کے تبادلے کی تجویز کو مسترد کردیا ہے۔
وزیر اعلی سندھ نے خط میں سندھ میں دیگر صوبوں سے تبادلہ کئے جانے والے4 پی ایس افسران کی حمایت کی،خط میں مزید کہا گیا کہ پولیس کے 7 افسران کے سندھ سے تبادلے کوبھی مسترد کرتے ہیں،وزیرا علی کی گریڈ 20 کے 4 افسران محمد کریم ،شہزاد اکبر،محمد زبیر اورسید خرم کی سندھ میں تعیناتی کی آمادگی کا اظہار کیا۔
مرادعلی شاہ نے خط میں کہا کہ سول سروس آف پاکستان میں شامل افسرا ن کے تبادلے رولز کی شق 15کے تحت ہونا ہیں،سندھ میں 26پولیس افسران کے بجائے 22اور ایڈمنسٹریٹو سروس کے 47افسران کم ہیں،گریڈ 20کے پولیس افسران کو سندھ سے واپس بلانےسے انتتظامی مسائل پیدا ہونگے۔
وزیر اعلی سندھ نے مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم عمران خان اسٹیبلشمنٹ ڈویثرن کو سندھ حکومت کے فیصلے کے مطابق نوٹیفکیشن جاری کرنے کے احکامات دیں، اسٹیبلشمنٹ ڈویثرن کو مزید گریڈ 17 اور 21 کے افسران کو سندھ میں تعیناتی کے احکامات جاری کرے۔