لاہور:(دنیا نیوز)قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133کے ضمنی انتخاب کے دوران ن لیگی امیدوار شائستہ پرویز ملک نے پولنگ سٹاف کے خلاف ریٹرننگ آفیسر کو درخواست دے دی۔
شائستہ پرویز ملک کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ گورنمٹ گرلز ہوئی سکول بہاری کالونی کے پولنگ سٹیشنز 232، 233، 234 پر پریزائیڈنگ افسران ووٹروں کو پیپلز پارٹی کے امیدوار کے حق میں ووٹ ڈالنے کے لئے مجبور کر رہے ہیں۔
درخواست گزار نے کہا کہ ہمارے پولنگ ایجنٹس نے موقع پر موجود ایس ایچ او کو بھی شکایت کر دی ہے اور زمہ داران کے خلاف ایکشن لیا جائے۔
قبل ازیں ین اے 133 ضمنی انتخاب میں ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑا دی گئیں، ووٹر موبائل فون لے کر پولنگ بوتھ میں داخل ہو گیا۔
این اے 133 ضمنی انتخاب میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیاں بھی دیکھنے میں آئیں، پیپلز پارٹی کا ووٹر موبائل لیکر پولنگ بوتھ میں داخل ہوا، بیلٹ پیپر پر پیپلز پارٹی کے انتخابی نشان تیر پر ٹھپہ لگایا اور دیدہ دلیری سے اپنی سیلفی بھی بنالی۔
ضمنی الیکشن میں مجموعی طور پر 11امیدوار میدان میں ہیں، ن لیگ کی شائستہ پرویز اور پیپلز پارٹی کے اسلم گل میں کڑا مقابلہ متوقع ہے۔ پی ٹی آئی امیدوار جمشید چیمہ کے کاغذات نامزدگی مسترد ہو گئے تھے، نشست ن لیگ کے پرویز ملک کی وفات کے باعث خالی ہوئی تھی۔