اسلام آباد:(دنیا نیوز)وزیراعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو طلب کرلیا ہے جس میں 15 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا جبکہ وفاقی کابینہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان بین الاقوامی ہوائی روٹ کے قیام کی منظوری دے گی ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے وفاقی کابینہ کا اجلاس منگل کو طلب کیا گیا ہے جس میں کابینہ قازقستان کی ایئرلائن کے ڈیزگنیشن کی منظوری دے گی ،افغان شہریوں کو دوسرے ممالک جانے کےلیے پاکستانی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت کے معاملے پر غور کرے گی ،شوگر انڈسٹری ریفارم کمیٹی کی رپورٹ کابینہ اجلاس میں پیش کی جائے گی ۔
اجلاس میں افغانستان سے متعلق پاکستان کی ویزا پالیسی معاملے پر بھی غور ہوگا ،وفاقی کابینہ بین الاقوامی این جی اوز کی ویزا پالیسی سٹریم لائن ،افغانستان میں بین الاقوامی فلاحی اداروں کے ریلیف کاموں کے میکنزم ،پاکستان اور عراق کے درمیان ایئرسروسز معاہدے میں کوڈ شیئرنگ شامل کرنے کی منظوری دے گی ۔
کابینہ پرانے کرنسی نوٹوں کی تبدیلی کی تاریخ میں توسیع ۔ چینی کمپنی کے 33 فیصد آپریٹرشپ پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کو منتقل کرنے کی منظوری دے گی ،اوگرا کی سالانہ رپورٹ برائے سال 2019-20 وفاقی کابینہ اجلاس میں پیش کی جائے گی ،وفاقی کابینہ اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس کے فیصلوں ،کابینہ کمیٹی برائے ادارہ جاتی اصلاحات اور توانائی کے اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق دے گی۔