بلور خاندان کے اہم رہنما نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر لی

Published On 11 December,2021 04:46 pm

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کو بڑی کامیابی ملی ہے، بلور خاندان کے سیاسی وارث غضنفر بلور نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر لی۔

یاد رہے کہ بلدیاتی انتخابات سے قبل اے این پی رہنما غضنفر بلور نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے ملاقات میں غضنفر بلور نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا، اس موقع پر تیمور سلیم جھگڑا اور کامران بنگش بھی موجود تھے۔

غضنفر بلور اے این پی کے رہنما الیاس بلور کے صاحبزادے ہیں، وہ اے این پی رہنما بشیر بلور اور غلام بلور کے بھتیجے ہیں۔ وہ پاکستان فیڈریشن آف چیمبرز کے سرکردہ رہنما بھی ہیں، وہ سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر رہ چکے ہیں۔

واضح رہے کہ 5 دہائیوں کی وابستگی میں بلور خاندان کے اہم فرد نے پہلی مرتبہ اے این پی چھوڑی ہے۔

ترجمان عوامی نیشنل پارٹی ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ غضنفر بلور غیر سیاسی انسان ہیں، اے این پی کے کسی اہم عہدے پر موجود تھے نہ انہیں کوئی ذمہ داری دی گئی تھی، پارٹی میں شامل بلور خاندان آج بھی پارٹی کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہے، اے این پی سے جب تعلق ہی نہیں تو حکمران جماعت تصاویر نکال کر خود کو دھوکا دے رہی ہے۔

اس ٹویٹ پر جواب دیتے ہوئے کامران بنگش نے کہا کہ بہرحال، میری یادداشت کے مطابق 2013 کے جنرل الیکشنز میں غضنفر بلور اے این پی کے ٹکٹ سے ایم پی اے کا الیکشن لڑچکے ہیں اور اچھے خاصے ووٹ لئے تھے تاہم آپ اُس وقت سیاست میں نہیں تھی تو شائد آپ کو علم نہ ہوں
 

Advertisement