منی بجٹ حکومت کے جیو اکنامکس کے تصور کے منافی ہے: شہباز شریف

Published On 15 December,2021 05:00 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ منی بجٹ حکومت کے جیو اکنامکس کے تصور کے منافی ہے۔

اپنے ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ منی بجٹ قومی سلامتی اور خودمختاری کا سودا ہے، منظور نہیں ہونے دیں گے۔ سستے پاکستان کا پراپیگنڈہ کرنے کے بجائے منی بجٹ واپس لیاجائے۔ منی بجٹ منظور ہوا تو پاکستان کی معاشی خودمختاری ہار جائے گی۔

اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ یہ منی بجٹ حکومت کے جیو اکنامکس کے تصور کے منافی ہے، جیواکنامکس پر پاکستان کو لے کر چلنا ہے تو منی بجٹ واپس لیا جائے، عالمی منڈی میں تیل کی قیمت کم ہونے کے باوجود قوم کو ریلیف نہیں دیاگیا، عالمی منڈی میں تیل کی کمی کے لئے قوم سے دعا کی اپیل کرنے والی حکومت ناکام ہوچکی ہے۔