لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کسی کیمپ کی سیاست کا حصہ نہیں بننا چاہتا۔
ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر خارجہ نے دنیا نیوز کے پروگرام ’دنیا کامران خان کے ساتھ‘ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ امریکانےپاکستان ڈیموکریسی سمٹ میں شرکت کی دعوت دی تھی۔ میں نہیں سمجھتا ڈیمو کریسی سمٹ میں شرکت نہ کرنے سے تعلقات خراب ہوں گے۔ پاکستان امریکا کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے۔ پاکستان نے کسی کے کہنے پر سمٹ میں جانے سے انکارنہیں کیا۔
وفاقی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی کیمپ کی سیاست کا حصہ نہیں بننا چاہتا۔ ازخودامریکی سمٹ میں شرکت نہ کرنے کافیصلہ کیا۔ واشنگٹن نے کہا وہ چاہتا ہے اسلام آباد اگلی سمٹ میں شرکت کرے۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ چین کے ساتھ ہمارے تعلقات پہلے سے زیادہ مضبوط ہیں۔ چین نے ہرجگہ پاکستان کے موقف کی ترجمانی کی۔ بیجنگ نے سلامتی کونسل اجلاس میں پاکستان کی ترجمانی کی۔ کورونا کی وجہ سے چین کسی میٹنگ میں شرکت نہیں کر رہاتھا۔ کوروناکےدوران چین نے ویکسین کے حوالے سے مدد کی۔ چین نےبیلنس آف پیمنٹ میں بھی ہماری مددکی۔ ہم کسی کیمپ میں گئے نہ جانےکاارادہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی سینیٹرزکےدورہ پاکستان میں بڑااچھاتبادلہ خیال ہوا، چین اورامریکاکےساتھ ہمارےالگ الگ تعلقات ہیں۔ پاکستان چین اور امریکی غلط فہمیاں دورکرنے کیلئےکرداراداکرتارہاہے۔