گیس کی قلت حکومت کی مجرمانہ غفلت کا نتیجہ ہے:شہباز شریف

Published On 17 December,2021 04:51 pm

لاہور:(دنیا نیوز)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ گیس کی قلت حکومت کی مجرمانہ غفلت کا نتیجہ، صبح ،دوپہر اور شام فراہمی کا وعدہ بھی جھوٹ نکلا اور عوام کھانا پکانے سے بھی قاصرہیں۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے گیس کے شدید بحران تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے وعدہ کیاتھا کہ گھریلو صارفین کو کم ازکم تین اوقات گیس فراہم ہوگی لیکن یہ بھی نہ ہوسکا، حکومت کی مجرمانہ غلفت کے نتیجے میں عوام کھانا پکانے سے بھی محروم ہوچکے ہیں ، بچے بھوکے پیٹ سکول جانے پر مجبور ہیں لیکن حکومت کو احساس نہیں ، ہماری مائیں، بہنیں اور بیٹیاں ناشتہ اور کھانا پکانے میں بھی انتہائی مشکل کا شکار ہیں۔

صدر مسلم لیگ(ن) کا مزید کہنا تھا کہ عمران نیازی کی نااہلی اور کرپشن کی وجہ سےآج پورے پاکستان سے گیس غائب ہے ، گھروں میں اتنی گیس بھی نہیں آرہی کہ خواتین کھانا پکا سکیں ، حکومت کا دعویٰ تھا کہ برآمدی صنعت کی خاطر لوکل صنعت کو گیس فراہمی بند کررہے ہیں، لوکل تو کیا برآمدی صنعت کو بھی گیس بند ہے، یہ نالائقی اور کرپشن نہیں تو اور کیا ہے؟۔

انہوں نے کہا کہ صنعتوں کو گیس نہیں ملے گی تو بے روزگاری مزید بڑھے گی، ٹیکس کہاں سے وصول ہوں گے؟ ، برآمدی صنعت کو گیس نہیں ملے گی تو ایکسپورٹ کے ڈالر کہاں سے آئیں گے؟، خود حکومتی ٹیم کے سابق رکن اعتراف کرچکے ہیں کہ عمران نیازی حکومت معیشت کا دیوالیہ نکال چکی ہے ،گیس کا بحران سراسر پی ٹی آئی حکومت کی کرپشن اور نااہلی نے پیدا کیا ہے ، نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی گیس کا مکمل انفراسٹرکچر لگایا تھا ، اتنی گیس لائی جاسکتی تھی جس سے عوام اور صنعت دونوں کی ضروریات کو بخوبی پورا کیاجاسکتا تھا۔

شہباز شریف نے کہا کہ اصل مسئلہ گیس کا بحران نہیں، موجودہ حکومت کی کرپشن اور نااہلی کا ہے جو خود بحران پیدا کردیتی ہے ، اہل حکومت ہوتی تو بروقت گیس خریدتی، نظام میں گنجائش موجود تھی، صرف بروقت انتظامات درکار تھے جو نہ ہوئے۔
 

Advertisement