اسلام آباد: (دنیان یوز) شیری رحمان نے کہا ہے کہ ہفتہ وار بنیاد پر قیمتوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے، منی بجٹ کے بعد مہنگائی میں مزید شدت آئے گی۔
نائب صدر پاکستان پیپلزپارٹی و سینیٹر شیری رحمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ حالیہ ایک سروے میں پاکستان کی اکثریت نے اس حکومت کی کارکردگی پر عدم اعتماد کا ووٹ دیا ہے، اخلاقی طور پر یہ اب منی بجٹ پیش کرنے اور حکومت کرنے کا جواز کھو چکے ہیں، دسمبر میں مہنگائی کی شرح 12.3 فیصد رہی، مہنگائی کی یہ شرح 22 ماہ کی بلند ترین سطح پر ہے۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ کم آمدنی والے طبقے کے لئے مہنگائی کی شرح 21.92 فیصد ہے، تباہی سرکار اپنی ہی نااہلی کے ریکارڈ توڑ رہی ہے، عارضی بنیادوں پر معیشت چلانے کی خوفناک نتائج سامنے آ رہے ہیں۔