لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے جوہر ٹاؤن بم دھماکے کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے چار ملزمان کو 9 ،9 مرتبہ سزائے موت کا حکم دے دیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے کوٹ لکھپت جیل میں مقدمے کا فیصلہ سنایا۔
عدالت نے عید گل ،سجاد شاہ ،پیٹر پال اور ضیاءاللہ کو 9 ،9 بار سزائے موت کی سزا جبکہ خاتون ملزمہ عائشہ کو پانچ سال قید کی سزا سنا دی ۔
انسداد دہشتگردی عدالت نے سیکیورٹی خدشات کے باعث جیل میں ٹرائل مکمل کیا تھا ،انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے پانچ ملزمان کے خلاف جیل میں مقدمے کی سماعت کی۔
دوران سماعت ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا تھا ،انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں کل 56 گواہوں نے بیانات ریکارڈ کروائے تھے۔