ملتان:(دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ 2 سال سے عالمی معیشت بھی بحرانو ں کی زد میں ہے، 2023ء سے قبل مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند کریں گے۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بیرون ملک نہ کوئی فلیٹس ہیں، نہ کوئی اکاؤنٹس ہیں اور نہ ہی کسی کا باہر جانے کا پروگرام ہے، عوام میں سے ہیں اور عوام کے ساتھ ہی رہیں گے۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اپوزیشن جتنے مرضی مارچ کر لے نہ ان ہاؤس تبدیلی آئیگی اور نہ حکومت ختم ہوگی، اپوزیشن کو شکست ہوگی اور تحریک انصا ف کی جمہوری حکومت اپنی مدت پوری کریگی ۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ماضی میں کرپشن اور اپنو ں کو نوازنے کے چکرمیں قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹا گیا، بیرون ملک جائیدادیں بنائی گئیں، 5 سال خلوص نیت سے تمام وسائل اور توانائیاں عوامی ترقی پر صرف کریں گے اور انشاء اللہ 2023ء کے انتخابات میں بھی تحریک انصاف ملک بھر میں پھرپور کامیابی حاصل کریگی۔