سیالکوٹ:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف میں دراڑیں پڑ چکیں، ساڑھے تین سال میں تبدیلی کا اصل چہرہ سامنے آگیا ہے۔
سیالکوٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اپنے لوگ بھی ان کی جان کو رو رہے ہیں ، ملک میں جلد ووٹ کی حکمرانی ہوگی، نواز شریف کا دور ترقی کا دور تھا اور لوگوں خوشحال تھے، لیکن نئے پاکستان کے خواب نے سب کچھ تباہ کر دیا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ جولائی 2018 میں جو ہوا آج ہمارا بچہ بچہ اس کی قیمت ادا کر رہا ہے، عمران خان کہتا تھا کہ قرض نہیں لوں گا خودکشی کر لوں گا ، آج ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ قرض لئے گئے ، لیکن اب خودکشی کرنے کے لئے غیرت کی ضرورت ہے ۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عمران خان میرے لیڈران پر الزام لگاتا تھا کہ ٹی ٹی لگواتے ہیں، آج ان کے ملازمین اس جھمیلے میں پھنس رہے ہیں جبکہ نیب کو ان کے معاملات بھی دیکھنے چاہئیں۔