کارکن اسلم کی موت کے تعین کیلئے پوسٹمارٹم کرایا جائے: سعید غنی

Published On 27 January,2022 11:59 am

کراچی: (دنیا نیوز) سعید غنی نے کہا ہے کہ پولیس تشدد سے کوئی بھی زخمی اسپتال نہیں لایا گیا، کارکن اسلم کی موت کے تعین کیلئے پوسٹمارٹم کرایا جائے، شفاف تحقیقات میں کوئی ذمہ دار نکلا تو کارروائی ہوگی۔

وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے سندھ اسمبلی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم پریس کلب کے باہر مظاہرہ کرتی تو کوئی مسئلہ نہ ہوتا، پی ایس ایل کی وجہ سے سکیورٹی ہائی الرٹ ہے، پی ایس ایل ٹیمیں ریڈ زون میں ہوٹلزمیں ٹھہری ہوئی ہیں، ایم کیوایم کو بتایا تھا ریڈ زون میں داخل نہ ہوں لیکن انہوں نے بات نہ مانی، نہ چاہتے ہوئے انتظامیہ نے لوگوں کو منتشر کرنے کیلئے ایکشن لیا، اگر کارروائی نہ کرتے تو خطرناک نتائج سامنے آسکتے تھے۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ نے کراچی سمیت مختلف شہروں میں سکیورٹی تھریٹس سے آگاہ کیا، یہ تاثرغلط ہے کہ ایم پی اے کو پولیس گھسیٹ کر لے گئی، خواتین بھگدڑ مچنے سے زخمی ہوئیں۔