برطانیہ میں نوازشریف فیکٹریوں کے دوروں میں مصروف

Published On 02 February,2022 04:54 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) برطانیہ میں علاج کے لئے موجود پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف ہسپتالوں کے بجائے فیکٹریوں کے دوروں میں مصروف ہیں۔

سرکاری ٹی وی کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف نے بیٹوں کے ہمراہ مانچسٹر کے قریب نیلسن میں فیکٹری کا دورہ کیا ۔

نواز شریف نوازشریف کے ہمراہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی فیکٹری کے معائنہ کے لیے لندن سے نیلسن گئے جہاں پر انہیں بریفنگ بھی دی گئی۔

واضح رہے کہ جس فیکٹری کا نواز شریف نے دورہ کیا وہ لندن سے 425 کلو میٹر دور نیلسن کے علاقے میں قائم ہے۔

اٹارنی جنرل کا خط زیر سماعت مقدمے پر اثرانداز ہونے کی کوشش ہے: شہباز شریف

قبل ازیں صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے اٹارنی جنرل کی جانب سے نوازشریف کی واپسی سے متعلق لکھے گئے خط کا جواب دے دیا۔

نواز شریف کے معاملہ پر بیان حلفی کا معاملہ ،شہباز شریف نے جوابی خط میں کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے اٹارنی جنرل نے خط وفاقی کابینہ کی ہدایت پر لکھا، یہ شریف خاندان کے میڈیا ٹرائل اور زیر سماعت مقدمےپر اثر انداز ہونے کی کوشش ہے، ہر قسم کی قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتا ہوں۔ بیان حلفی کی ایک بھی خلاف ورزی نہیں کی۔ معاملہ پر ہائی کورٹ کے فیصلہ کے مندرجات کو نہیں دیکھا گیا۔ سمجھنے سے قاصر ہوں کہ اٹارنی جنرل نے میرے بیان حلفی کا آخری پیرا کیوں نہیں دیکھا۔

انہوں نے خط میں مزید کہا کہ مجھے یقین ہے یہ خط سیاسی مقاصد اور متعلقہ قوانین نظرانداز کرکے لکھا گیا ، اس میں میڈیکل بورڈ کے قیام کے عمل ،کارروائی اور سفارشات کو نظر انداز کیا گیا، معاملہ لاہور ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے جس کے باعث اٹارنی جنرل کا خط توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔

 ڈاکٹرز نے نواز شریف کو سفر کرنے سے روک دیا: میڈیکل رپورٹ ہائیکورٹ میں جمع

گزشتہ روز سابق وزیراعظم نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرائی تھی۔ جس میں کہا گیا کہ ڈاکٹرز نے نواز شریف کو سفر کرنے سے روک دیا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کے وکیل امجد پرویز نے لاہور ہائیکورٹ میں رپورٹ جمع کروائی۔ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ 3 صفحات پر مشتمل ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ نواز شریف انجیو گرافی کے بغیر لندن سے نہ جائیں، ذہنی دباؤ میں نواز شریف کی طبیعت مزید بگڑ سکتی ہے، کلثوم نواز کی وفات کے بعد نواز شریف شدید دباؤ میں ہیں۔

میڈیکل رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ نواز شریف دل کے مریض ہیں، کورونا کے سبب نواز شریف کو سانس کا مسئلہ ہو سکتا ہے، نواز شریف انجیو گرافی تک اپنی ادویات جاری رکھیں، سابق وزیراعظم ذہنی دباؤ کے بغیر سرگرمیاں جاری رکھیں، نواز شریف دل کے مریض ہیں، کورونا کے باعث جان بھی جا سکتی ہے۔ ڈاکٹر فیاض نے کہا کہ کوئی سوال ہو تو مجھ سے رابطہ کیا جائے۔

نواز شریف کی جھوٹی رپورٹ، امید ہے عدالت سختی سے نوٹس لے گی: فوادچودھری

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ نواز شریف کی جھوٹی رپورٹ جمع کروانے سے مسئلہ حل نہیں ہو گا ۔ امید کرتا ہوں عدالت ان جعلی رپورٹوں کا سختی سے نوٹس لے گی۔

سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ کے حوالے سے رد عمل دیتے ہوئے ویر اطلاعات کا کہنا تھا کہ قائد ن لیگ کے پاس سب سے آسان راستہ قوم کے پیسے واپس کریں اور لندن ہی رہیں، ان کا مسئلہ جھوٹی رپورٹ سے حل نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ایسی رپورٹ کا مقصد پاکستان کے قانونی نظام کا مذاق اڑانا ہے، رپورٹ کے مطابق نواز شریف کو ہائیڈ پارک کے علاوہ کہیں بھی نہیں جانا۔ انہیں چاہیے قانونی طور پر کام کو سر انجام دیں۔ شریف فیملی جعلی رپورٹوں کے پلندوں کے بجائے قوم کے پیسے واپس کرے، ڈاکٹرشال امریکا میں رہتے ہیں، ڈاکٹرشال نے کہا نوازشریف کی حالت ایسی نہیں کہ ٹریول کرسکیں۔ امید کرتا ہوں عدالت ان جعلی رپورٹوں کا سختی سے نوٹس لے گی۔ اور ملکی وقار بحال کیا جائے گا۔

یہ رپورٹ نہیں فلمی خط ہے: شہباز گل

دوسری طرف وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ یہ رپورٹ نہیں ہے ایک فلمی خط ہے، ایازصادق اپنے دل کوخوش کرنے کے لیے ایسی باتیں کررہے تھے، نوازشریف نے پاکستان نہیں آنا، جھوٹی رپورٹیں دکھا کربھاگے، رات کے اندھیرے میں بھاگنے والا دن کے اُجالے میں واپس نہیں آتا، ان کی گزربسرہی جھوٹ بولنے میں ہے، ہم نے تو سابق وزیراعظم سے7ارب کی گارنٹی مانگی تھی، اگران سے7ارب لیے جاتے تو نوازشریف فوری ٹھیک ہو جاتے لندن نہ جاتے۔

انہوں نے کہا کہ لیگی صدر شہبازشریف نے گارنٹی دی ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، یہ رپورٹ نہیں اس طرح کے پریم پتر تو ڈاکٹرعدنان بھی لکھتے رہے، نواز شریف کے سیاسی دل جوڑنے کو عمران خان جوڑدیں گے، قائد ن لیگ جھوٹ بول کرگئے وہاں بھی ویزے کی توسیع کے لیے جھوٹ بول رہے ہیں، ان کو قانونی طور پر واپس لانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں، برطانیہ کوبھی پتا چل گیا ہے نوازشریف بیمارنہیں جھوٹ بول رہے ہیں۔

Advertisement