'ایک عدم اعتماد کی بات کرتا ہے تو دوسرا عام انتخابات کی، نون میں دو دھڑے بن چکے'

Published On 14 February,2022 02:19 pm

ملتان: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایک عدم اعتماد کی بات کرتا ہے تو دوسرا عام انتخابات کی، نون لیگ میں دودھڑے بن چکے، اپوزیشن کی صفوں میں یکسوئی نہیں، چودھری برادران سے تعاون مانگنا ان کے بیانیے کی نفی ہے، تحریک عدم اعتماد کا سیاسی طور پر مقابلہ کریں گے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ چودھری برادران سے ووٹوں کی بھیک مانگنے کیوں گئے، ووٹ مانگنے جانا ن لیگ کے بیانیے کی نفی ہے، ان کا بیانیہ کل دفن ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد اپوزیشن کا استحقاق ہے، عدم اعتماد کا سیاسی طور پر مقابلہ کریں گے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بجلی مہنگی ہونے کا اعتراف کرتے ہیں، مسلم لیگ ن کے دور میں معاہدوں کے باعث بجلی مہنگی ہوئی، تحریک انصاف کو سندھ میں لے کر جائیں گے، بلاول تیاری کرلو، لاڑکانہ آکر سوالوں کا جواب دوں گا۔