کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نوجوان قیادت کا وقت آچکا۔ 27 فروری کو عوامی مارچ ہو گا، نا اہل ٹولے کو گھر بھیج کر رہیں گے۔
طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین کا کہنا تھا کہ27 فروری کوعوامی مارچ کے لیے نکلیں گے، ہم پرنااہل حکمران مسلط ہیں، سلیکٹڈ حکومت کی وجہ سے معاشی بحران پیدا ہوا ہے، نااہل کی وجہ سے غربت اوربے روزگاری انتہائی سطح پرپہنچ چکی ہے، موجودہ حکومت کے دورمیں خارجہ پالیسی پرسمجھوتے کیے گئے، نالائق حکومت سے نئی نسل مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے، سلیکٹڈ کی وجہ سے ملک میں مہنگائی بڑھی ہے، ہمارے مارچ میں طلبہ یونینزبحالی کا مطالبہ بھی ہوگا۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے خلاف وڈیروں کی پارٹی کا پروپیگنڈا کیا جاتا ہے، ان کو کون سمجھائے پیپلزپارٹی تو پی ایس ایف کی پارٹی ہے، پیپلزپارٹی تو پیروں کی جماعت ہے، ہم سب کے ساتھ مل کرچلتے ہیں یہ ہماری جماعت کا نظریہ ہے، پیپلزپارٹی کے خلاف کردارکشی کرنے والے اپنی اور ہم اپنی مہم چلائیں گے، کبھی صدارتی نظام، کبھی اٹھارویں ترامیم کے رول بیک کی باتیں کرتے ہیں، ہم ان کو بتانا چاہتے ہیں کل بھی بھٹو زندہ آج بھی بھٹوزندہ ہے، اب پاکستان میں نوجوان قیادت کا وقت آچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان ڈگریاں ہاتھ میں لیے پھرتے ہیں نوکریاں نہیں ملتیں، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ اقتدارمیں آ کر روزگارفراہم کیا، وسائل کی کمی کے باوجود ہم نے عالمی سطح کے صحت کے ادارے بنائے، اگراللہ نے موقع دیا تو صحت کی طرح تعلیم کی سہولیات بھی مفت دیں گے، ہم نوجوانوں کے ساتھ مل کر نیا نصاب بنائیں گے، ہم نوجوانوں کے ساتھ مل کر ایک لمبی اننگزکھیلیں گے۔