لاہور: (دنیا نیوز) حکومت مخالف عدم اعتماد کی تحریک کے معاملے پر اپوزیشن کی بڑی قیادت آج لاہور میں سر جوڑ کر بیٹھے گی۔ عدم اعتماد کی تحریک کی تاریخ اور مطلوبہ ارکان کی تعداد بارے مشاورت ہوگی۔
آصف علی زرداری اور شہباز شریف کی بلاول ہاؤس میں ملاقات ہوگی، جس میں دونوں جانب سے سینئر قیادت بھی شریک ہوگی۔ بلاول بھٹو نے بھی مذاکراتی ملاقات میں شریک ہونے کا فیصلہ کیا۔ چیئرمین پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا کے دورے کے بعد لاہور پہنچیں گے۔
بلاول بھٹو زرداری بھی شہباز شریف کے ساتھ عشائیے پرملاقات میں شریک ہوں گے۔ ملاقات میں تحریک عدم اعتماد کیلئے مطلوبہ ارکان اور تاریخ پر مشاورت ہوگی، آئندہ سیاسی لائحہ عمل کو حتمی شکل بھی دی جائے گی۔ ملاقات میں مسلم لیگ ن کی جانب سے شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، رانا ثناء اللہ، سعد رفیق اور مریم اورنگزیب شریک ہوں گی۔