اسلام آباد:(دنیا نیوز) سعودی عرب کے سفیر نواف المالکی نے کہا ہے کہ پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں مزید مضبوط کردار ادا کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔
سعودی سفیر نواف المالکی اور سعودی ترقیاتی فنڈ کے ڈی جی کی وفاقی وزیر اقتصادی امور عمر ایوب خان سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں دوطرفہ اقتصادی تعاون بشمول سعودی تیل کی سہولت، جاری ترقیاتی منصوبوں اور نئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق موخر ادائیگی کی بنیاد پر 1.2 ارب ڈالر کی پٹرولیم مصنوعات کی درآمد کے لئے سعودی تیل کی سہولت پر بات چیت ہوئی، سعودی آئل فیسیلٹی کے تحت پہلا آئل ٹینکر مارچ 2022ء کے تیسرے ہفتے میں پاکستان آنے کی توقع ہے۔
اعلامیہ کے مطابق وزیر برائے اقتصادی امور نے پاکستان کی سماجی، اقتصادی ترقی کے لئے ایس ای ڈی کی تکنیکی اور مالی معاونت کو سراہا جبکہ وفاقی وزیر نے تمام رکاوٹیں دور کرکے ترقیاتی منصوبوں پر تیز رفتاری سے عملدرآمد کی ہدایت کی۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ موخر ادائیگی کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد شروع ہوچکی ہے۔
اعلامیہ کے مطابق سعودی سفیر نے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لئے ہر سطح پر تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔