لاہور:(دنیا نیوز) اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار بھی ان ایکشن ہوگئے اور اراکین قومی اسمبلی سے ملاقاتیں کیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے اسلام آباد میں اراکین قومی اسمبلی سے ملاقاتیں کیں، ملاقات کرنے والوں میں چیف وہپ ملک عامر ڈوگر، مخدوم سید سمیع الحسن گیلانی، ڈاکٹر محمد افضل ڈھانڈلہ اورغلام بی بی بھروانہ شامل ہیں۔
ملاقات میں سیاسی صورتحال، اپوزیشن کی تحریک کو ناکام بنانے اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ اراکین قومی اسمبلی نے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔
عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد کو مل کر ناکام بنائیں گے، ہم سب ایک ہیں اورایک رہیں گے، اپوزیشن کا پراپیگنڈا ہماری صفوں میں انتشار نہیں پیدا کرسکتا، حزب اختلاف قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد کیلئے ارکان پورے نہیں کرسکے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان پہلے بھی پراعتماد تھے اور آج بھی پراعتماد ہیں، تحریک عدم اعتماد پیش کرنیوالوں کو خود ایک دوسرے پر اعتماد نہیں، عمران خان کو تمام ارکان اسمبلی کی بھرپور حمایت حاصل ہے اور رہے گی، تحریک عدم اعتماد کی ناکامی نوشتہ دیوار ہے، حکومت 5 سال پورے کرے گی اور عوام عمران خان کو اگلے 5 سال کیلئے بھی وزیراعظم منتخب کریں گے۔