عدم اعتماد پر امریکا نے اپوزیشن کیساتھ ملکر سازش کی: وزیراعظم عمران خان

Published On 02 April,2022 05:20 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو کہتاہوں کہ خاموش رہنے کا وقت نہیں ہے، اچھائی اور برائی میں نیوٹرل رہیں گےتو بُرائی کا ساتھ دیں گے۔ بیرونی سازش کے خلاف سب کو احتجاج کرناچاہیے۔ عدم اعتماد پر امریکا نے اپوزیشن کیساتھ ملکر سازش کی، آج فیصلہ کریں گے سازشیوں کے خلاف کیا قانونی کارروائی کرنی ہے۔ ان کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرانے کا منصوبہ بنایا ہے۔

 نوجوانوں کو پیغام دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اس وقت فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے، اس وقت پاکستان کے مستقبل کی جنگ ہے، قوموں کی زندگی میں مشکل وقت آتے ہیں، ہمیں درست راستے کا انتخاب کرنا ہے، قوم نے آج فیصلہ کرنا ہے کہ ملک کو کس طرف لے کر جانا ہے، اللہ تعالیٰ کا حکم ہے کہ اچھائی کےساتھ اور برائی کیخلاف کھڑے ہو، جو معاشرہ اچھائی کا ساتھ دیتا ہے وہ زندہ ہوجاتا ہے۔وہ قوم تباہ ہوجاتی ہے جس میں اچھے اور برے کی تمیز ختم ہوجائے۔

 ان کا کہنا تھا کہ آج بیرونی سازش کے تحت سیاستدانوں کی بکروں کی طرح نیلامی ہورہی ہے، اگر نوجوان چپ بیٹھیں گے تو وہ برائی کا ساتھ دیں گے، نوجوانوں کو چاہیے کہ اپنے مستقبل کیلئے احتجاج کریں ، نوجوانوں کو کہتاہوں کہ خاموش رہنے کا وقت نہیں ہے، سازش کے خلاف سب کو احتجاج کرناچاہیے، نوجوانوں کو اپنے مستقبل کے لیے باہر آنا پڑے گا، کیا باہر کی قوت 15ارب روپے خرچ کرکے حکومت گرادے گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ برطانیہ زندہ معاشرہ ہے وہاں اچھے بُرے کی تمیزہے، غداروں کوپرامن احتجاج سے خوف ہوتاہے، جھوٹ بول کر کسی کی حکومت گرانا برائی ہے، چاہتا ہوں قوم میر جعفر اور میر صادق نہ بھولے، کہا گیا عمران خان کو ہٹائیں گے تو آپ سے تعلقات اچھے ہوں گے، نیشنل سیکیورٹی کمیٹی اور کابینہ نے دستاویزات دیکھ لیے، آفیشل دستاویز میں کہاگیاہے عمران کو ہٹاؤ تعلقات بہتر ہو جائیں گے، شہبازشریف نے 22 کروڑ عوام کو غلام بنا کر رکھ دیا ہے، لیگی صدر پر اربوں روپے چوری کے کیسز ہیں، اپوزیشن لیڈر نے 22 کروڑ لوگوں کو بھکاری قرار دیا، اِس نے کل قوم کو غلام قرار دے دیا، جس قوم میں خودداری نہ ہو، وہ قوم کبھی بھی اوپر نہیں جاسکتی۔ نوجوانوں نے ملک کے ساتھ کھڑا ہونا ہے، یہ لوگ کہتےہیں امریکاکی غلامی کرو، نوجوانوں کو بیرونی سازش کیخلاف آواز اٹھانی چاہیے۔

شہری نے سوال کیا کہ ان کیخلاف غداری کے مقدمات کب درج کریں گے جس پر جواب دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ میں ہمیشہ آخری گیند تک مقابلہ کرنے والا شخص ہوں۔ کل سب دیکھیں گے کہ میں کیسے ان سے مقابلہ کرتا ہوں، کل سب نے احتجاج کرنا ہے، میں چاہتا ہوں کہ قوم زندہ ہو۔ سب سے کہتا ہوں کہ آپ سب کو پرامن احتجاج کرنا چاہیے، یہ اقتدار میں اس لیے آنا چاہتے ہیں تاکہ اپنے کرپشن کیسز ختم کریں۔ وکیلوں سے مشاورت کی ہے، ملک سے غداری معاف نہیں کرینگے، سب پر کیسز بنائیں گے، آج رات تک فیصلہ کریں گے کہ ہم نے کیا کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی فوج پر ہمیں فخر ہے وہ ملک کو اکٹھا رکھ رہے ہیں، ہمارے دشمنوں کی کوشش ہے کہ ملک 3 حصوں میں ٹوٹ جائے، مضبوط فوج ملک کی اہم ضرورت ہے، ملک میں صرف ایک ہی نیشنل پارٹی ہے، وہ پی ٹی آئی ہے، فورسز کیخلاف سازش پاکستان کیخلاف سازش ہے، سب سے کہتا ہوں کہ فوج پر کسی قسم کی تنقید نہ کریں، سوشل میڈیا پر پاک افواج کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے،ملک کے ساتھ ذاتی مفادات کے لیے غداری کی جا رہی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف نے ملک کو اکٹھا کیا ہوا ہے، 40 سال بعد امریکا میں مہنگائی کا ریکارڈ ٹوٹ گیا، آج ملک کی تاریخ میں ریکارڈ ایکسپورٹ میں اضافہ ہوا ہے، ن لیگ کے دور میں ایکسپورٹ میں اضافہ نہیں ہوا۔ مدینہ کی ریاست کی بنیاد انصاف، انسانیت اور خودداری پر رکھی گئی تھی۔ شہبازشریف، نوازشریف او ر آصف زرداری کرپٹ ترین لوگ ہیں، یہ باہر کی سازش کا حصہ بن کر ملک پر مسلط ہوتے ہیں، کبھی بھی کوئی قوم بھکاریوں کی طرف، اپنے لوگوں کو قربان کر کے ترقی نہیں کرتی۔

برطانیہ سے ایک لیڈی ڈاکٹر نے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان بھٹو والا پاکستان نہیں، بدل چکا ہے، یہ سوشل میڈیا کا زمانہ ہے سب کو سمجھ آگئی ہے کیا ہو رہا ہے، سازش کا پوری قوم کا پتا چل گیا ہے، سب سے بڑا کرپٹ سازشی ٹولہ پیسے چلا رہا ہے، 30 سالوں سے یہی حکومت کرتے رہیں قوم انہیں برداشت نہیں کرے گی، کل دنیا کوپتا چلے ہم زندہ قوم ہیں، بے فکر ہو جائیں، کل اسمبلی میں ان کو شکست دے کر دکھاؤں گا۔

ایک اور سوال کے جواب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی اخلاقیات ایسی نہیں تھی، ملک کی بدقسمتی 1985ء سے شروع ہوئی جب نوازشریف وزیراعلیٰ بنا، نوازشریف نے لفافہ جرنلزم، ججز کو پلاٹ دیئے، آصف زرداری، نوازشریف نے ملکر ملک میں اچھے اور بُرے کی تمیزختم کر دی، اگر ملک میں امربالمعروف ہوتا تو کیا سندھ ہاؤس میں لوگوں کو خرید سکتے تھے؟ قوم کا سب سے بڑا جرم ہو گا اگر امریکا کی رجیم چینج کی سازش کے خلاف کھڑے نہ ہوئے۔ شہبازشریف ہے ہی غلام، پیسے کی پوجا کرتے ہیں، نوازشریف 3 سالہ دور میں 18فیکٹریاں بناچکا تھا، جب تک عوام پُرامن احتجاج نہیں کریں گے سازشیں ہوتی رہیں گی، سازش کا پوری قوم کو پتا چل گیا ہے، عمران خان سب سے بڑا کرپٹ سازشی ٹولہ پیسے چلارہا ہے، 30 سال سے یہی حکومت کرتے رہے، قوم انہیں برداشت نہیں کرے گی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کل اسمبلی میں ان کوشکست دے کر دکھاؤں گا۔ ووٹنگ کے حوالے سے ایک سے زائد پلان ہے، انشااللہ جیتیں گے، قوم کبھی بھی ان چوروں کواقتدارمیں واپس نہیں آنے دے گی، خیبرپختونخوا میں جن علاقوں میں پی ٹی آئی کمزور وہاں سے جیت گئے، عوام کا موڈ بتا رہا ہے، خیبرپختونخوا کا رزلٹ دیکھ کرایم این ایز کو خوف آ گیا ہے، (ن) لیگ کی ٹکٹ لیکر نہیں جیت سکتے، منحرف اراکین اب ڈرنا شروع ہو گئے، منحرف اراکین نے اگر ووٹ ڈالا تو اس سازش کا حصہ بن جائیں گے، مجھے کل رات سے منحرف اراکین کے فون آنا شروع ہوگئے ہیں، کل آپ رزلٹ دیکھیں گے۔