اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے ہارس ٹریڈنگ کیخلاف ریڈ زون کے باہر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے ایک ہوٹل میں لوگوں کی خرید و فروخت ہو رہی ہے، جس ہوٹل میں خرید و فروخت ہو رہی ہے اس کے باہر بھی احتجاج ہوگا، ایم پی ایز کو خرید کر حکومت بنانا جمہوریت نہیں ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے براہ راست عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن ساڑھے 3 سال سے الیکشن کرانے کا شور کر رہی تھی، ہم نے الیکشن کا اعلان کر دیا تو سپریم کورٹ میں جانے کی کیا وجہ تھی، اپوزیشن کی ساڑھے 3 سال میں این آر او لینے کی کوشش رہی ہے، 20 کروڑ دے کر ارکان اسمبلی کے ضمیر خریدے گئے، ان کو این آر او ون مشرف نے دیا، این آر او ٹو یہ آکر لیں گے، نواز شریف مجرم ہیں، ان کے بیٹے باہر بھاگے ہوئے ہیں، ہم کہتے ہیں الیکشن لڑو، یہ سپریم کورٹ چلے گئے، اپوزیشن رہنماؤں پر کرپشن کیسز ہیں۔
عمران خان کا کا کہنا تھا کہ ریڈ زون کے باہر احتجاج کریں گے، میں بھی کارکنوں کے ساتھ احتجاج کروں گا، کوئی ملک نہیں کہتا وزیراعظم کو ہٹانے سے تعلقات ٹھیک ہو جائیں گے، ایم پی ایز کو خریدنا ہی چھانگا مانگا کی سیاست ہے، منحرف ارکان کو جیلوں میں ڈالنا چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن چاہتی تھی تو وزیراعظم استعفیٰ دیں اور الیکشن کرائیں، جب الیکشن کا اعلان کر دیا تو یہ سپریم کورٹ کیوں چلے گئے، یہ صرف اقتدار میں آکر کیسز ختم کرنا چاہتے ہیں، یہ حکومت گرانے کیلئے عالمی سازش کا حصہ بنے۔