اسلام آباد: (دنیا نیوز) شہباز شریف نے کہا ہے کہ آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس آئی قومی سلامتی کمیٹی سے متعلق وضاحت جاری کریں، کیا آرمی چیف نے نیشنل سکیورٹی کونسل اجلاس کے منٹس دیکھے، دستخط کیے؟۔
مسلم لیگ نون کے رہنما شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فرانسیسی سفیر کو نکالنے پر کہا گیا کہ یورپی یونین ناراض ہو جائے گی، تحریک عدم اعتماد اپنی ذات کیلئے نہیں لائے، معاشی تباہی کیخلاف تحریک عدم اعتماد لائی گئی، اگر ہم نے غداری کی ہے تو ثبوت سامنے لائے جائیں، ہم نے جرم نہیں کیا تو دودھ کا دودھ، پانی کا پانی ہونا چاہیئے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ صدر اور وزیراعظم نے آئین کی خلاف ورزی کی، یہ بات نہیں کہ ہم شفاف انتخابات نہیں چاہتے، جلد اور شفاف الیکشن ہماری ڈیمانڈ تھی۔ انہوں نے کہا کہ آئین کو توڑا اور پامال کیا گیا، ہم سب عدلیہ کا احترام کرتے ہیں، تمام وکلا کی متفقہ رائے ہے اسپیکر نے آئین کی خلاف ورزی کی۔
لیگی رہنما نے کہا کہ صدر نے اپنا ذہن استعمال کیے بغیر آدھے گھنٹے میں سمری منظور کرلی، یہ معاملہ حل نہ ہوا تو ملک بنانا ری پبلک بن جائے گا، ڈپٹی اسپیکر اور حکومتی وزیر نے ہمیں غدار قرار دیا، عوام بیروزگاری کے کنویں میں ڈوب چکے ہیں، عدالت معاملے کے حل کیلئے ایک فورم بنا دے، نیشنل سکیورٹی کے نام پر جھوٹ بولا گیا۔