اسلام آباد: (عامر سعید عباسی) سندھ ہاؤس حملہ کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے عطاء الل اور فہیم خان کی ضمانت مسترد کر دی۔ پولیس نے پی ٹی آئی ایم این ایز کو گرفتار کرلیا۔
اسلام آبادہائیکورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے پی ٹی آئی کے ایم این ایز فہیم خان اور عطا اللہ کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ دوران سماعت ایم این ایز کے وکلاء نے عدالت کو بتایا کہ منتخب ارکان اسمبلی وقوعے کے روز سندھ ہاؤس جانا چاہتے تھے جہاں زبردستی روکا گیا، مقدمہ بےبنیاد ہے سیاسی مخالفت کی وجہ سے پولیس گرفتار کرنا چاہتی ہے۔
سٹیٹ کونسل اور پولیس نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان ساتھیوں سمیت سندھ ہاؤس پر حملہ آور ہوئے اور اہم سرکاری عمارت پر توڑ پھوڑ کی۔ مزید تفتیش کے لیے ملزمان کو گرفتار کرنا چاہتے ہیں جسٹس طارق محمود جہانگیری نے درخواست ضمانت پر سماعت کے بعد فیصلہ سنایا اور دونوں ایم این ایز کی عبوری ضمانت مسترد کردی اور اسلام آباد ہائی کورٹ سے عبوری ضمانت خارج ہونے پر دونوں ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
عدالت نے گزشتہ ہفتے ممبران قومی اسمبلی کی عبوری ضمانت منظور کی تھی۔ گرفتاری کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گرفتار رکن قومی اسمبلی عطاء اللہ خان نے کہا کہ جو مرضی کر لیں ہم خان کے ساتھ ہیں ہم پھر بھی اپکو بھکاری کہیں گے یہ چور ہیں ڈاکو ہیں یہ جو مرضی کر لیں ہم جھکیں گے نہیں انکے آگے۔