اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان کے حکم پر مسجد نبویﷺ واقعے کی پلاننگ ہوئی، وہاں لوگوں کو اشارے کر کے نعروں پر اکسایا گیا، پی ٹی آئی چیئرمین وزیراعظم ہاؤس سے بم پروف گاڑی بھی ساتھ لے گئے، پہلی بار سعودی عرب کے ساتھ اسٹریٹجک پارٹنرشپ کی طرف جارہے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام کو سچ بتانا ہماری ذمہ داری ہے، انہیں رانا ثناء اللہ کیخلاف کوئی کرپشن کا کیس نہیں ملا، حکومت سے گئے صرف اڑھائی ہفتے ہوئے، چیخیں کیوں نکل رہی ہیں؟ یہ ملک کو مہنگائی، لوڈ شیڈنگ اور بے روزگاری کی چکی میں جھونک کر گئے۔
وزیر اطلاعات نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ واحد وزیراعظم تھا جس نے توشہ خانہ کے تحفے بیچے، ابھی آپ نے توشہ خانہ کی ان چیزوں کا حساب دینا ہے جو ڈکلیئر نہیں کیں، مخالفین کے خلاف 4 سال تک انتقامی کارروائی کی گئی، قوم کے 4 سال انتقامی کارروائیوں میں ضائع کر دیے گئے، 4 سال میں عوام کو بے دردی سے لوٹا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ نا اہل اور کرپٹ ٹولے کو عوام نے پارلیمنٹ سے باہر نکالا، عمران خان کی پوری سیاست جھوٹ پر ہے، انہوں نے تمام اداروں کو اپوزیشن کیخلاف استعمال کیا، نیب، ایف آئی اے کو استعمال کیا گیا، کوئی کرپشن نہیں ملی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی اور بے روزگاری عمران خان کی وجہ سے ہے، این سی اے کو ریکارڈ بھیجے لیکن ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔