کراچی:(محمد ارشد سے) نئے بلدیاتی قانون کی منظوری سمیت سیاسی جماعتوں کے دیگر تحفظات کے باعث سندھ میں بلدیاتی انتخابات موخر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق سندھ میں بلدیاتی الیکشن موخر ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے جس کا سبب سیاسی جماعتوں کےتحفظات، موسمی حالات،سکیورٹی مسائل ہو سکتے ہیں، سندھ میں پہلے مرحلے کے بلدیاتی الیکشن کے لئے پولنگ 26 جون کو جبکہ دوسرے مرحلے کے لئے 24 جولائی کے لئے شیڈول ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے کئی سینئر ارکان اسمبلی، کابینہ ارکان نے بھی پارٹی قیادت کو بلدیاتی الیکشن موخر کرانے کی تجویز دی ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی بھی نئے بلدیاتی قانون کی منظوری تک بلدیاتی انتخابات کا التوا چاہتی ہے جبکہ ایم کیو ایم، جماعت اسلامی متنازع حلقہ بندیوں، پرانی ووٹر لسٹوں کی درستگی تک بلدیاتی الیکشن رکوانے کی درخواست کر رہی ہیں، سیاسی جماعتوں کی آراء ہے کہ سندھ کے 14 اضلاع میں شدید گرمی کی لہر ہے، انتخابی مہم چلانا مشکل ہوگا۔
ذرائع کے مطابق سندھ حکومت کا کابینہ اور سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد بلدیاتی الیکشن موخر کرانے سے متعلق درخواست الیکشن کمیشن کو دینے کا امکان ہے۔