اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر مولانا اسعد محمود نے کہا ہے کہ سرکاری اسکیم کے تحت 32 ہزار 453 افراد حج کی سعادت حاصل کریں گے۔
وفاقی وزیر مولانا عبدالواسع کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے مولانا اسعد محمود نے کہا کہ گزشتہ 2 سال کورونا کی وجہ سے حج انتہائی محدود کردیا گیا تھا، رواں سال بھی حج کی تیاریوں کے لیے انتہائی کم وقت ملا ہے، 63 ہزار 604 حج درخواستیں موصول ہوئی ہیں، حج اخراجات زیادہ ہونے کےباعث بھی کم درخواستیں موصول ہوئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کامیاب امیدواروں کو بذریعہ ایس ایم ایس آگاہ کیا جائے گا، قرعہ اندازی کے ذریعے 32 ہزار 453 افراد حج کی سعادت حاصل کر سکیں گے، سرکاری سطح پر ایک ہزار افراد کا خصوصی کوٹہ الگ سے رکھا گیا ہے، عازمین کے 26 ہزار 960 گروپ بنائے گئے ہیں، عازمین حج کیلئے اپنا ذاتی اسمارٹ فون لے جانا لازمی ہے۔