اسلام آباد: (دنیا نیوز) شیخ رشید نے کہا ہے کہ اسلام آباد، راولپنڈی میں بڑے فیصلے ہو رہے ہیں، ملک ان سے نہیں چل رہا، نگران حکومت بنے گی، آصف علی زرداری نے ان سے جو بدلہ لینا تھا لے لیا، اتحادی ساتھ نہ رہے تو حکومت اکثریت کھو دے گی۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم نے کہہ دیا کہ اپوزیشن میں بیٹھ سکتے ہیں، اتحادی ساتھ نہ رہے تو حکومت اکثریت کھو دے گی، 48 گھنٹے میں فیصلے ہو جائیں گے، زیادہ تر سیاسی جماعتیں الیکشن کی حامی ہیں، 20 مئی کو عمران خان ملتان جلسے سے کال دے گا، جس نے یہ ماسٹر پلان بنایا تھا وہ عقل کا اندھا تھا، آج ملک میں ایک ہی نعرہ ہے چور اور غدار کا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اب نواز شریف کو کون روک رہا ہے پاکستان آنے سے، جس جہاز میں نواز شریف سوار ہو کر وطن واپس آئیں گے اس میں چور اور غدار کے نعرے لگیں گے، ایف آئی اے سے ملازمین چھٹیوں پرجا رہے ہیں، اداروں کیساتھ ہوں، اداروں کو ملک کی ریڑھ کی ہڈی سمجھتا ہوں، شاہد خاقان عباسی سے بلا کر پوچھ لیا جائے ڈی جی ایف آئی اے کو کیوں ہٹایا، یہ نہیں ہوسکتا جس پرفرد جرم ہو اسے ملک کا وزیراعظم بنا دیں، پنجاب میں کوئی حکومت نہیں، کابینہ نہیں بن سکی۔