راولپنڈی: (دنیا نیوز) شیخ رشید نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت ایک ووٹ پر کھڑی ہے جو قائم نہیں رہے گی، اس وقت یہ اداروں سے مدت پوری کرنے کی بھیک مانگ رہے ہیں۔
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تکلیف کہیں اور درد کہیں اور اٹھ رہا ہے، ان سے حکومت نہیں چل رہی، یہ اس وقت بھیک مانگ رہے ہیں کہ لانگ مارچ روکا جائے، قوم عمران خان کیساتھ لانگ مارچ کیلئے نکل رہی ہے، ملتان جلسے میں عمران خان لانگ مارچ کی کال دیں گے، نگران وزیراعظم کیلئے معیشت دانوں کے انٹرویوز ہو رہے ہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یہ جتنی دیر کریں گے اتنی ہی اپنی سیاسی قبر کھودیں گے، آصف زرداری نے انہیں وہاں مارا ہے جہاں پانی نہ ملے، یہ ہنڈیا بیچ چوراہے پھوٹے گی، ایف آئی اے کو شہباز، حمزہ اور زرداری کے کیسز واپس لینے کا کہا جا رہا ہے، ایف آئی اے پراسیکیوٹر عدالتوں میں کہیں گے کہ کیس نہیں لڑنا چاہتے، 31 مئی سے پہلے فیصلے آجائیں گے، عمران خان نے سندھ الیکشن مہم خود چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔