بیجنگ: (دنیا نیوز) وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے چینی ہم منصب وانگ ژی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ کسی کو پاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔
وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے چینی ہم منصب وانگ ژی سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ سٹریٹجک تعلقات کوبہت اہمیت دیتا ہے، چینی شہریوں پر حملہ کرنے والوں کو کٹہرے میں لائیں گے۔ اس موقع پر اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ پاک چین دوستی نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی امن کیلئے بھی ضروری ہے، کسی کوپاک چین دوستی کونقصان پہنچانےکی اجازت نہیں دیں گے۔
قبل ازیں دونوں رہنماوں کے مابین ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان تجارت اور اقتصادی تعاون پر گفتگو ہوئی اور دوطرفہ تعلقات بڑھانے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔ ملاقات کے دوران پاک چین اکنامک کوریڈور پر پیش رفت کا جائزہ بھی لیا گیا۔
بلاول بھٹو کے دورے کے دوران دونوں ممالک کےوفود کی سطح پر بھی بات چیت ہوئی جس میں وزیر مملکت حنا ربانی کھر سمیت وزارت خارجہ کے اعلی افسران اور چین کے سفارت کاروں نے شرکت کی۔