اسلام آباد:(دنیا نیوز) پی آئی اے نے اپنے حج آپریشن کا باضابطہ آغاز کردیا، پہلے روز مقدس فریضے کی ادائیگی کے لیے ایک ہزار اسی عازمین حج سعودی عرب گئے۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کی 6 جون کو اسلام آباد سے دو، لاہور اور کوئٹہ سے ایک ایک پرواز روانہ ہوئی، حج آپریشن کے آغاز کی باضابطہ تقریب اسلام آباد ائیرپورٹ پر منعقد ہوئی، مہمان خصوصی وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور اور سعودی سفیر نواف بن مالک تھے۔
مہمانوں کا استقبال پی آئی اے کی جانب سے سی ای او پی آئی اے نے کیا، مہمانوں کی جانب سے عازمین حج کو الوداع کیا گیا ۔
اس موقع پر حجاج کرام میں پی آئی اے اور وزارت مذہبی امور کی جانب سے تحائف بھی تقسیم کیے گئے، سعودی سفیر نے طریق مکہ سہولت کا بھی افتتاح کیا جس سے عازمین حج سعودی امیگریشن پاکستان سے کروا کر روانہ ہوں گے۔