کراچی : (شاہ میر خان) کراچی سے بھی حج آپریشن 2022 کا آغاز کردیا گیا، قومی ائیر لائن کی پہلی حج پرواز 291 عازمین حج کو لیکر مدینہ منورہ روانہ ہوئی، جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر عازمین حج کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے۔
قومی ائیر لائن کی کراچی سے پہلی حج پرواز کے ذریعے 291 عازمین حج مدینہ منورہ روانہ کیے گئے، کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرایئر وائس مارشل عرفان ظہیر نے عازمین کو رخصت کیا اور پھولوں کے ہار پہنائے جبکہ پی آئی اے کی جانب سے چھتریاں بھی تقسیم کی گئیں۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق حکام نے حجاج کرام سے پاکستان کی سلامتی اور پی آئی اے کی ترقی کے لئے خصوصی دعاؤں کی درخواست بھی کی۔
ائر پورٹ پر عازمین حج کی معاونت کے لئے خصوصی ٹیمیں الرٹ رہیں، پی آئی اے 5 بڑے شہروں اسلام آباد ،کراچی، لاہور، ملتان اور کوئٹہ سے اب تک تقریباً 2 ہزار سے زائد عازمین کو حجاز مقدس پہنچا چکی ہے، وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق کی ہدایات پر عازمین حج کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، سی ای او پی آئی اے عامر حیات حج آپریشن کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔
پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن 3 جولائی کو اختتام پزیر ہوگا جبکہ بعد از حج کی پروازیں 14 جولائی سے شروع ہوں گی اور 13 اگست تک جاری رہیں گی۔