کالعدم ٹی ٹی پی سے مذاکرات پر پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جائے: پی پی اجلاس میں اتفاق

Published On 11 June,2022 06:07 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کے اعلی سطح کے اجلاس میں اتفاق رائے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کے پاس جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ تمام فیصلے پارلیمان میں اور پارلیمان کو اعتماد میں لے کر ہونے چاہئیں۔

سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کی سربراہی میں پی پی پی کا اعلی سطح کا ہائبرڈ اجلاس ہوا جس میں دہشت گردی بالخصوص کابل میں تحریک طالبان افغانستان اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے متعلق حالیہ پیش رفت سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ تمام فیصلے پارلیمان میں اور پارلیمان کو اعتماد میں لے کر ہونے چاہئیں۔ پیپلزپارٹی کے اعلی سطح کے اجلاس میں اتفاق رائے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کے پاس جانے کا فیصلہ بھی کیا۔

بلاول بھٹو نے قرنطینیہ میں ہونے کی وجہ سے کورکمیٹی اجلاس میں بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی جبکہ فریال تالپور اور وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی کورکمیٹی اجلاس میں بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔

اجلاس میں سید یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف، شیری رحمان، فرحت اللہ بابر، خورشید شاہ اور فیصل کریم کنڈی، شریک ہوئے۔

بلاول بھٹو زرداری کا ٹوئٹ

علاوہ ازیں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا ایک اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا ہے جس میں دہشت گردی سے معاملات پر تبادلہ خیال ہوا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی پی پی کے اعلی سطح کے اجلاس میں بالخصوص تحریک طالبان افغانستان اور تحریک طالبان پاکستان کے ساتھ ہونے والی حالیہ پیش رفت پر بات ہوئی، پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمان میں تمام فیصلے ہونے پر یقین رکھتی ہے۔ ہم اتحادی جماعتوں سے رابطہ کرکے آگے بڑھنے کے لیے اتفاق رائے پیدا کریں گے۔

Advertisement