اسلام آباد: (دنیا نیوز) فیٹف اجلاس آج سے جرمنی کے شہر برلن میں شروع ہو گا، پاکستان کا نام گرے لسٹ نکلنے کے امکانات روشن ہوگئے ، پاک فوج کے اسپیشل سیل نے منی لانڈرنگ اورٹیرر فنانسگ روکنے کے لیے موثر لائحہ عمل مرتب کیا جس سے بھتہ خوری، اغواء برائے تاوان اور ٹارگٹ کلنگ پر قابو پانے میں کامیابی ملی۔
ایف اے ٹی ایف کا اہم اجلاس، پاکستان کے گرے لسٹ سے نکلنے کے امکانات روشن ہو گئے، بھارتی لابی کی سازشیں ناکام بنا دی گئیں۔ پاکستان نے ایف اے ٹی ایف کے 27 میں سے 26 نکات پر عملدرآمد کیا، مودی سر کار نے پاکستان کو بلیک لسٹ کرانے کی کوشش کی لیکن پاک فوج نے اس سازش کو ناکام بنا دیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے احکامات پرمیجر جنرل کی سربراہی میں سپیشل سیل قائم کیا جس نے مختلف محکموں، وزارتوں اور ایجنسیز کے درمیان کوارڈینیشن میکنزم بنایا اور اس پر عمل درآمد یقینی بنایا۔
سپیشل سیل نے دن رات کام کر کے منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنانسگ روکنے کے لیے موثر لائحہ عمل مرتب کیا جس سے بھتہ خوری، اغواء برائے تاوان اور ٹارگٹ کلنگ پر قابو پانے میں کامیابی ملی۔ منی لانڈرنگ کے خاتمے کیلئے 7 میں سے 4 پوائنٹس پر بھی نمایاں پیشرفت ہوئی اورانٹی منی لانڈرنگ ایکٹ، فارن ایکسچینج ریگولیٹری ایکٹ میں ترامیم کی گئیں، حوالہ اور ہنڈی نیٹ ورکس کے خلاف موثر فوری کارروائی بھی کی گئی ہے۔