فیٹف کا برلن میں اجلاس جاری، آج رات اجلاس کے اختتام پر بیان جاری ہو گا: حنا ربانی

Published On 17 June,2022 02:08 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ فیٹف کا برلن میں اجلاس جاری ہے، فیٹف آج رات اجلاس کے اختتام پر بیان جاری کرے گا۔

وزیر مملکت برائے امور خارجہ حنا ربانی کھر نے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ فیٹف پر نتائج یا قیاس آرائی پر مبنی رپورٹنگ سے گریز کیا جانا چاہیے۔ حکومت پاکستان نے اس معاملے پر ہفتہ کی صبح وزارت خارجہ میں ایک میڈیا بریفنگ کا اہتمام کیا ہے۔

وزارت خزانہ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کی تاریخ ساز کامیابی کا امکان ہے، ایف اے ٹی ایف برلن اجلاس پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کی مخالفت کرسکتا ہے۔زرائع نے کہا ہے کہ پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کے لیے طریقہ کار کی منظوری دی جا سکتی ہے، آج کے اجلاس کے بعد پاکستان کو جون کے آخری ہفتے میں کارکردگی رپورٹ پیش کرنا ہوگی، ایف اے ٹی ایف کا وفد آن سائٹ جائزہ کے لیے پاکستان آئے گا۔

ایف اے ٹی ایف کی آن سائٹ ٹیم جولائی کے آخری ہفتے پاکستان آ سکتی ہے، ایف اے ٹی ایف کی ٹیم پاکستان میں تمام متعلقہ اداروں کا دورہ کرے گی، جرمنی کے شہر برلن میں ایف اے ٹی ایف اجلاس میں پاکستان کی تعریف بھی کی گئی ہے۔
 

Advertisement