اسلام آباد : (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کر دیئے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کی اسلام آباد بلدیاتی انتخابات روکنے کی درخواستوں پر سماعت کی۔
درخواست گزار طارق فضل چوہدری کی جانب سے عادل عزیز قاضی پیش ہوئے، انہوں نے موقف دیا کہ عدالت الیکشن کمیشن کو کہے کہ اسلام آباد میں یونین کونسلز کی تعداد کو بڑھایا جائے اور نئی حلقہ بندیوں کے مطابق انتخابات کا انعقاد ممکن بنایا جائے جس پر الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں یونین کونسلز کی تعداد بڑھانے پر رضامندی ظاہر کردی۔
عدالت نے الیکشن کمیشن کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ایک وارڈ سے دوسرے وارڈ میں ووٹ منتقلی سے متعلق بھی پٹیشنز آئی ہیں وہ بھی دیکھ لیں۔
اس موقع پر الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ 65 روز میں نئی حلقہ بندیاں کرنے کے بعد نئے شیڈول کا اعلان کریں گے، حکومتیں بلدیاتی ا لیکشن میں رکاوٹیں ڈالتی ہیں، عدالت وفاقی حکومت کو آئینی ذ٘مہ داریاں پوری کرنے کا حکم دے۔