ملتان: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات شفاف ہونے چاہئیں، اگر گڑ بڑ ہوئی تو حالات سری لنکا جیسے ہو سکتے ہیں، ادارے الیکشن شفاف ہونے دیں۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ سری لنکا میں بتدریج معاشی حالت خراب ہونا شروع ہوئی اور بگڑ گئی ، پاکستان چالیس سال سے معاشی مشکلات کاشکار ہے ، ہمیں ایسے منصوبے بنانے ہیں جس سے ہماری معاشی حالت سری لنکا جیسی نہ ہو۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ عمران خان نے مقتدر حلقوں کو بتایا تھا معاشی حالت جیسی ہے ابھی پٹری پر چڑھی ہے، عدم اعتماد تحریک سے حالات خراب ہوجائیں گے، پٹرول مہنگا ہوگیا ہے، ٹیکسٹائل سیکٹر عید کے بعد بند ہونے جارہا ہے اس سے مہنگائی کے ساتھ ساتھ بے روزگاری بھی بڑھے گی۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمارے ملک کے انتخابات شفاف ہونے چاہئیں ، اگر گڑبڑ کی گئی تو حالات سری لنکا جیسے ہوسکتے ہیں ، تمام اداروں کی ذمہ داری ہے کہ صاف شفاف الیکشن ہونے دیں۔ ضمنی الیکشن میں ثابت ہوا ہے حکومتی امیدواروں کے لیے سرکاری وسائل استعمال ہوئے، الیکشن کمیشن سے عوام کو توقعات ہیں، چیف الیکشن کمشنر کی اہلیہ کوعہدہ دینا اور قبول کرنا سوالیہ نشان ہے، انتخابات کے بیچ ان کو یہ ذمہ داری نہیں لینی چاہیے تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوٹ کی سیاست نے نے ملک کو تباہ کردیا ہے ، پاکستانیوں نوٹ کی سیاست دفن کردو اور تول کر ووٹ دو ، چار پانچ ہزار میں ضمیر نہ بیچیں ، سپریم کورٹ نے ضمیر فروشی کو کالعدم قرار دیا ہے۔