حکومت کان لیگ پر نعرے بازی کرنیوالوں کے شناختی کارڈ،پاسپورٹ بلاک کرنیکا عندیہ

Published On 12 July,2022 09:34 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں کیخلاف بڑے ایکشن کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے شہریوں بالخصوص مسلم لیگ (ن) پر نعرے بازی پر ان کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کر دیئے جائیںگے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان پرتنقید کرتے ہوئے لکھا کہ ایک نام نہاد سیاسی جماعت اور پاگل پن کے شکار اس کے لیڈر کی طرف سے سیاسی نفرت، بغض، فتنہ اور فساد پر مبنی مہم جوئی اور اسکے پیشِ نظر حفاظتی اقدامات کی خاطر میں تمام پاکستانی شہریوں بالخصوص مسلم لیگ (ن) کے احباب سے مخاطب ہوں۔ دورانِ سفر، بازار یا کسی بھی جگہ اگر آپکا سامنا ”عمرانی باؤلوں“ سے ہوجائے اور وہ آپ پر ”غرانا“ یا ”کاٹنا“ شروع کر دیں تو آپ قانون کو ہاتھ میں لینے یا ان سے الجھنے کی بجائے اپنے موبائل فون سے اُنکی ویڈیو بنائیں۔

یہ بھی پڑھیں: احسن اقبال کیساتھ بدتمیزی کرنے والی فیملی نے معذرت کر لی

رانا ثناء اللہ نے لکھا کہ عمرانی باؤلا ایک ہو ایک سے زائد، سب کی قابل شناخت ویڈیو بنائیں اور اسے ڈائریکٹر سائبر کرائم، ایف آئی اے کو ارسال کر دیں، وٹس ایپ کے ذریعے بھیج دیں یا سوشل میڈیاکے ذریعے ایف آئی اے کو ٹیگ کر دیں۔ بھرپور کاروائی، اندراج مقدمہ، گرفتاری حتیٰ کہ شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کی Blockage عمل میں لائی جائیگی تاکہ شہریوں کے آئین پاکستان کے آرٹیکل 15 میں دئیے گئے ”Freedom of Movement“ کے حق کاتحفظ یقینی بنایا جاسکے۔ اگر عمرانی باؤلے پھر بھی اس دوران آپ سے ہاتھا پائی پر اتر آئیں تو اپنے دفاع کے قانونی حق کا استعمال کریں۔

 

زشتہ ہفتے وفاقی وزیر احسن اقبال کے ساتھ موٹروے پر بھیرہ میں پیش آنے والے واقعے کے بعد وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کے بیان کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

واقعے میں ایک فیملی نے وفاقی وزیر سے بدتمیزی کی جس کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد مذکورہ افراد نے احسن اقبال کے گھر جا کر اُن سے معذرت کی۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے احسن اقبال کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کو درست قرار دیا تھا اور لودھراں کے بعد لیہ میں بھی عوامی جلسے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو چاہیے کہ اِن کو چور کہیں کیونکہ یہ ڈاکو ہیں۔

اس سے قبل رانا ثناء اللہ نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ مسٹر فراڈیا غداری اور چور کا جھوٹا بیانیہ بنانے کے سوا کچھ نہیں جانتا، پہلے سیاست میں اسلامی ٹچ دینے کی ناکام کوشش کی گئی، اب بشریٰ بی بی کے حکم پرغداری سے لنک کرنے کے علاوہ کوئی بیانیہ نہیں۔ کہ ہم چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) بچانے پر لگے ہیں، مسٹر فراڈیا جی کوریڈور بچانے پرلگا ہے۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ‎چار سال میں ثابت ہوگیا کہ عمران خان نہ صادق ہے نہ امین، سابق مرد اول اور خاتون اول دونوں ہی کرپشن میں اول آئے ہیں، چور چور کے نعرے لگانے والا 4 سال میں سیاسی مخالف کو چور ثابت نہ کرسکا، امریکا کی چپکے چپکے چوری چوری منتیں ترلے کر رہا ہے، عمران نیازی نے 4 سال تک عوام کو مہنگائی اور معاشی تباہی کے ذریعے تگنی کا ناچ نچایا۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے معاہدہ عمران خان نے کیا آج ماتم کرکے دھوکہ نہیں دے سکتے، عمران نیازی اور بشریٰ بی بی نے خیرات، قیراط، ہیرے جواہرات، انگوٹھیاں اور گھڑیاں سب کچھ ہضم کرلیا، جلسوں میں عوام سے معافیاں مانگیں دھمکیاں نہ دیں، ’فتنہ فساد‘ کے مقدر میں اب صرف اپنی ناکامیوں اور فراڈ پر ماتم کرنا لکھا ہے۔

 

 

Advertisement