لاہور: (دنیا نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ ن لیگ کو پتہ ہونا چاہئے کہ چار ماہ کے دوران انہوں نے عوام کو ریلیف نہیں صرف تکلیف دی ہے، مہنگائی کا طوفان برپا کرنے والوں کو عوام ووٹ کی طاقت سے سبق سکھائیں گے، ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدواروں کی برتری واضح ہے۔
سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے سابق ایم این اے چودھری نذیر احمد جٹ اور ان کی صاحبزادی عارفہ نذیرجٹ سے ملاقات کی۔ چودھری حفیظ ہیئر، ڈاکٹر سرفراز احمد وڑائچ، چودھری صباحت الٰہی اور رانا خالد بھی ملاقات میں موجود تھے، ملاقات میں وہاڑی میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے گفتگو کی گئی،
اس موقع پر چودھری پرویز الہی کا کہنا تھا کہ لوگوں کو تکلیف دینا ن لیگ کا پسندیدہ مشغلہ ہے، ان کو پتہ ہونا چاہئے کہ چار ماہ کے دوران انہوں نے عوام کو ریلیف نہیں صرف تکلیف دی ہے، حکمران عوام کو ریلیف دینے میں ناکام رہے، صرف مہنگائی اور ٹیکسوں کی بھرمار ان کا کارنامہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ جعلی حکمرانوں کا ایجنڈا صرف ذاتی کیسز کا خاتمہ ہے، مہنگائی کا طوفان برپا کرنے والوں کو عوام ووٹ کی طاقت سے سبق سکھائیں گے، ضمنی انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدواروں کی برتری واضح ہے، عوام 17 جولائی کو ان جعلی حکمرانوں کے خلاف ووٹ کیلئے نکلیں گے۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ضمنی انتخابات میں عوام حکمرانوں سے مہنگائی کا حساب لیں گے، عوام دھاندلی کے ہر منصوبے کو روکیں گے۔ عوام اور کارکن پولنگ اسٹیشنز پر دھاندلی کے خلاف پہرہ دیں گے۔