اسلام آباد:(دنیا نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران نیازی تاریخ کا سیاہ باب بن چکے ہیں، اب غداری کے جھوٹے بیانیے کے پیچھے نہیں چھپ سکتے، عوامی فیصلے کے تحت 11 اپریل کو انقلاب آچکا، 17 جولائی کو ن لیگ کی کامیابی اس پر تصدیق کی مہر ثبت کر دے گی۔
اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان وزیراعظم ہو کر الیکشن کمیشن کے قانون، احکامات اور ضابطوں کی دھجیاں اڑاتے رہے، عمران صاحب اور ان کے وزرا نے حکومت میں ہوتے ہوئے الیکشن کمیشن کے قانون کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں کی اور الیکشن کمیشن کو دھمکیاں دیں، اپنی حکومت میں بھی الیکشن کمیشن کو دھمکیاں اورآج بھی الیکشن چور الیکشن کمیشن پر ہر روز حملے کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایک طرف پاکستان مسلم لیگ (ن) ہے جو قانون، انتخابی ضابطوں اور الیکشن کمیشن کے احکامات کے آگے سر جھکاتی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے وزراء نے الیکشن کمیشن کے احکامات اور قانون کی پاسداری کے احترام میں استعفے دئیے جبکہ دوسری طرف عمران صاحب اور ان کی جماعت ہے جو اقتدار کی طرح آج بھی الیکشن کمشن کو دھمکیاں اور گالیاں دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران صاحب لاڈلا بننے کی کوشش میں قانون اور ضابطے کے سامنے سر جھکانے کو تیار نہیں، عمران صاحب خود کو قانون سمجھتے ہیں، وہ اپنے آپ کو قانون کے تابع نہیں سمجھتے، عمران صاحب الیکشن کمیشن کو روز گالیاں اور دھمکیاں بھی دیتے ہیں اور درخواستیں بھی دے رہے ہیں ، الیکشن میں دھاندلی کے الزامات عمران خان کا اپنی شکست کا پیشگی اعتراف ہے، عمران صاحب ووٹ چور ہیں، ووٹ کا محافظ بننے کی اداکاری نہ کریں، ابھی ضمنی الیکشن ہوئے نہیں اور عمران صاحب کا ماتم شروع ہو گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اصل میں فارن فنڈنگ کیس کی وجہ سے عمران خان کا نشانہ ہے، عمران صاحب اور ان کے وزراء اپنے دور اقتدار میں ضمنی انتخابات میں انتخابی مہم چلاتے رہے، عمران صاحب قانون کا احترام یہ ہوتا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کو الیکشن کمیشن نے حکم دیا تو انہوں نے دورہ منسوخ کردیا جبکہ عمران خان نے الیکشن کمیشن کے واضح احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گلگت بلتستان ، خیبرپختونخوا اور آزادکشمیر کے انتخابات میں مہم چلائی تھی، عمران صاحب آپ کے وزرا الیکشن مہم میں پیسے تقسیم کرتے، ترقیاتی سکیموں کا اعلان کرتے اور دھاندلی کرتے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے تھے۔