کلرسیداں:(دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے نے فتنہ خان کی جھوٹی سیاست اور سازش والے بیانیے کو اڑا کر رکھ دیا ہے، تاریخ میں پہلا سیاست دان ہے جو جھوٹا اور آئین شکن بھی ہے، سپریم کورٹ کے جج نے کہا یہ آئین توڑنے کا مرتکب ہوا، ان کو ایسی سزا ملنے چاہیے تاکہ آئندہ کوئی آئین کی خلاف ورزی کا مرتکب نہ ہو، آئین پاکستان کو پاؤں تلے روندنے والوں کے خلاف غداری کا مقدمہ چلنا چاہیے، جتنے مشکل فیصلے ہونے تھے ہوچکے، اب خوشخبریاں آئیں گی۔
کلرسیداں میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سب کو نواز شریف کی طرف سے سلام پیش کرتی ہوں، آپ کی بیٹی آپ کے پاس آئی ہیں، حلقے میں آکر پتا چل گیا ہے ہمارے امیدوار جیت چکے ہیں، جلسے میں ایک انچ زمین بھی خالی نہیں ہے، ہمارے امیدوار کے پیچھے لوگ پیسے لیکر گھومتے رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خوشخبری سے بات شروع کرونگی، فتنہ خان بارودی سرنگیں بچھا کر گیا تھا، جان ہتھیلی پر رکھ کر بارودی سرنگوں کو ہم نے ہٹایا ہے، مشکل دور ختم، آنے والے دنوں میں عوام کے لیے اچھی خبریں آئیں گی، خادم اعظم رات کو قوم سے خطاب کرے گا، فتنہ خان کہتا ہے شہباز شریف تیل کی قیمتیں کم کرو، 4 سال تم قیمتیں بڑھاتے رہے، تمہارا تیل کی قیمتوں سے کیا لینا دینا، کہتا تھا آلو، پیاز کا ریٹ بتانے نہیں آیا، آجکل تقریروں میں دہی، پودینے کے ریٹ بھی بتاتا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ حکومت سے کہتی ہوں یہاں پر بات ختم نہیں کرنی، آرٹیکل 6 اور غداری کے مقدمات چلنے چاہئیں، ان کو ایسی سزا ملنی چاہیے تاکہ آئندہ کوئی آئین کی خلاف ورزی نہ کرسکے، سپریم کورٹ نے اس کے سازش والے بیانیے کو بھی اڑا کر رکھ دیا، اس نے سازش کا جھوٹ بولا تھا، سپریم کورٹ کے جج نے کہا سازش کا کوئی ثبوت نہیں دیا، اس کے پاس ثبوت ہوتا تو دیتا، اس نے سپریم کورٹ کو بھی جلسہ گاہ سمجھا تھا کہ جلسے کی طرح الزامات لگا دے گا، عمران خان! سپریم کورٹ کو ثبوت دینے پڑتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کہتا ہے مسٹر ایکس، مسٹر وائی دھاندلی کر رہا ہے، اے بی سی بھی وائی، ایکس سے شروع کرتا ہے، اپنی اے بی سی تو ٹھیک کرلو، کل کہہ رہا تھا موٹروے پر نواز شریف کی تصویر نظرآئی، تمہیں نواز شریف کی تصویر ہر جگہ نظر آئے گی، جس موٹروے سے تم اترے وہ موٹروے نواز شریف نے بنایا تھا، وعدہ کرتی ہوں شیر پر مہر لگاؤ، جب تک تمہاری زندگیوں میں بہاریں واپس نہیں آتیں چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ترقی کے دشمن عمران خان نے پنجاب کا خون چوسا، اس کو اٹھاؤ اور پنجاب کی سرحدوں سے باہر پھینک دینا،17 جولائی کو کون دھاڑے گا، کہوٹہ والوں نے جس طرح استقبال کیا کبھی نہیں بھول سکتی، جمعیت علما اسلام، پیپلزپارٹی کی تہہ دل سے شکر گزار ہوں،17 جولائی کو گھروں میں نہیں بیٹھنا۔