ضمنی انتخابات، پولنگ ایجنٹس کی تعیناتی سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج

Published On 16 July,2022 12:11 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد نے ضمنی انتخابات میں پولنگ ایجنٹس کی تعیناتی سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ چیلنج کر دیا، ڈاکٹر یاسمین راشد نے آج ہی درخواست پر سماعت کرنے کی استدعا بھی کردی۔

رہنما پاکستان تحریک انصاف ڈاکٹر یاسمین راشد نے ایڈووکیٹ عامر سعید راں کی وساطت سے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔

درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ضمنی الیکشن میں پولنگ ایجنٹس متعلقہ حلقے کے ہی تعینات کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ الیکشن کمیشن کا موقف غیر قانونی ہے، الیکشن کمیشن کے رولز کے تحت پولنگ ایجنٹس کا یونین کونسل سے ہونا ضروری نہیں، الیکشن کمیشن نے پولنگ ایجنٹس سے متعلق درخواست خارج کر دی۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے، عدالت الیکشن کمیشن کے احکامات کو کالعدم قرار دے۔
 

Advertisement