کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینر وسیم اختر کہتے ہیں کہ فاروق ستار کے بغیر بھی ایم کیو ایم چل رہی ہے، فاروق ستار سے یہ کہا کہ ایم کیو ایم مدر پارٹی ہے جس کو اس میں آنا ہے آجائے لیکن ہمیں رہنماء کی ضرورت نہیں ہے ۔
ایم کیو ایم پاکستان اور ڈاکٹر فاروق ستار میں لفظی گولہ باری عروج پر، جنرل ورکرز اجلاس سے خطاب کے دوران وسیم اختر بولے، فاروق ستار ایم کیو ایم میں آنا چاہیں آجائیں لیکن ہمیں لیڈر کی ضرورت نہیں ہے، خالد مقبول صدیقی نے ایم کیو ایم کے ٹکٹ پر انتخاب لڑنے کی پیشکش کی ۔
وسیم اختر کا کہنا تھا کہ ہمارے 7 ارکان قومی اسمبلی بہت مضبوط ہیں، ہم چاہتے ہیں اپنے 7 ووٹوں سے اپنے لوگوں کو فائدہ پہچائیں، سیاسی فوائد حاصل کرنے کے لئے ہم نے مسلم لیگ ن، جے یو آئی ف اور پیپلزپارٹی تک کو راضی کیا۔
وسیم اختر مزید بولے کہ ایم کیو ایم میں ناراض ہونے کا کیپسول تیزی سے پھیل رہا ہے، ہمارے ذمہ دار پارٹی کو چیلنج کرکے لابنگ اور گروپنگ کررہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فاروق ستار اور پاک سرزمین پارٹی ایم کیو ایم کے خلاف سازشیں کررہے ہیں، یہ لوگ پوری کوشش کررہے ہیں کہ ایم کیو ایم کی غلط تصویر عوام تک پہنچائی جائے، فاروق ستار اور پاک سرزمین پارٹی نے مہاجروں کو نقصان پہنچانے کی ٹھانی ہوئی ہے۔