ن لیگ احمقانہ پالیسی پر گامزن، گورنر راج کی باتیں شرمناک ہیں: فواد چودھری

Published On 27 July,2022 03:30 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ رولز پڑھ لیں کن حالات میں گورنر راج لگتا ہے؟، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد گورنر راج کی باتیں شرمناک ہیں، ن لیگ احمقانہ پالیسی پر گامزن ہے،عجیب فیصلے کررہی ہے، اب فیصلہ کرنا ہے اسلام آباد میں کب تبدیلی لانی ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ رانا ثنا اللہ کا حیران کن رویہ ہے، یہ زیادہ تر غیر سیاسی لوگ ہیں جنہیں عقل نہیں ہے، رانا ثنا اللہ کی کانفرنس پر ایسے لوگوں کے ایسے عہدوں پر ہونے پر شرم نہیں آتی ہے، رانا ثنا اللہ گورنر رولز کی شق پڑھ لیں کہ گورنر راج کن حالات میں لگتا ہے۔

سپریم کورٹ کا کل کا فیصلہ تاریخی ہے، ججز نے سیاسی دباؤ کا مقابلہ کیا ہے، بہت کم ایسا ہوا ہے جیسے وہ کھڑے رہے، تین ماہ پہلے انہی تین ججز نے سابق وزیر اعظم عمران خان کا فیصلہ دیا تھا، لیکن اب ن لیگ نہیں رہی اسے ناراض لیگ بننا ہے، شہباز شریف سے کہتا ہوں ہمت اور حوصلے کا مظاہرہ کریں، پوری ن لیگ شیٹر ہوگئی، ایوان صدر میں لوگوں کو جانے سے منع کیا گیا، یہ سسکتی حکومت ہے، ہم نے ابھی فیصلہ کرنا ہے کہ اسلام آباد میں کیسے واپسی کرنی ہے۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ موجودہ الیکشن کمیشن میں سمجھ بوجھ نہیں، چیف الیکشن کمیشنر میں ذرا سی شرم نہیں وہ استعفی دے دیں، لیکن وہ نہیں دے رہے، اگر ہم نے اس حکومت کو ری ایکٹ کیا تو یہ نہیں رہ سکیں گے، وفاقی حکومت کو فارغ کرنا مشکل نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ پرویز الٰہی کی حلف برداری پی ٹی وی پر نشر کرنے سے منع کیا گیا، صحافیوں کو کہتا ہوں پہلے الیکشن کمیشن کا فیصلہ پڑھ لیں، 25 اراکین کو پارلیمانی لیڈر نے ڈی سیٹ کیا اس کے منٹس موجود ہیں۔
 

Advertisement