اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف آج ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک کا دورہ کر رہے ہیں جس کے دوران سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں کا جائزہ لیں گے۔
وزیراعظم کے ہمراہ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان بھی ہوں گے۔ وزیراعظم ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کی جانب سے سیلاب متاثرین کیلئے کئے گئے ریلیف اقدامات کا معائنہ کریں گے جس کیلئے تمام محکموں کے اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔
گذشتہ روز وزیراعظم نے بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا، انہوں نے قلعہ سیف اللہ میں قائم خیمہ بستی میں متاثرین سیلاب کو کھانا نہ ملنے پر شدید برہمی کااظہارکیا ، انتظامیہ کے خلاف کارروائی کی ہدایت کر دی۔ وزیراعظم نے جاں بحق افرادکے لواحقین اورمکانات تباہ ہونے والے متاثرین کیلئے امدادی رقم کابھی اعلان کیا۔